پہلا ٹیسٹ، انگلینڈ کی ٹیم 219 رنز پر آؤٹ، پاکستان کو 107 رنز کی برتری حاصل ہوگئی

جمعہ 7 اگست 2020 23:54

مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2020ء) تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے تیسرے روز انگلینڈ کی ٹیم 219 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے ،پاکستان کو 107 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔مانچسٹر اولڈٹریفڈ کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے 96 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا۔اس دوران انگلش بلے باز اولی پاپ ففٹی بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم ان کی اننگز کا خاتمہ نسیم شاہ کے ہاتھوں ہوا۔

جس کے بعد انگلش ٹیم کا کوئی بھی بلے باز کھل کر نہ کھیل سکا اور یکے بعد دیگرے انگلینڈ کی وکٹیں گرتی چلی گئیں۔انگلینڈ کی جانب سے اولی پاپ 62، بٹلر 38 اور اسٹورٹ براڈ 28 رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے چار، شاداب اور عباس نے دو دو جب کہ شاہین اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز انگلینڈ نے جب اپنی پہلی اننگز شروع کی تو شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس نے اوپر تلے تین وکٹیں حاصل کرکے مشکلات سے دو چار کردیا۔

آفریدی نے برنس کو 4 جبکہ محمد عباس نے ڈوم سیبلے اور بین اسٹوکس کو 12 رنز پر ہی آؤٹ کرکے اہم کامیابی دلادی۔کپتان جوروٹ اور پوپ نے 48 رنز کی شراکت قائم کی اور مجموعہ 62 رنز تک پہنچایا لیکن اس دفعہ تجربہ کار لیگ اسپنر یاسر شاہ نے انگلینڈ کی سب سے بڑی وکٹ گرادی۔یاسر شاہ نے جوروٹ کو رضوان کے ہاتھوں آؤٹ کردیا اور انگلینڈ کی چوتھی وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں اوپنر شان مسعود کی بہترین سنچری کی بدولت 326 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔بابراعظم نے 69 رنز بنائے، اسد شفیق بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہرنہ سکے اور 7 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ اور آرچر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں اور ووکس نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
وقت اشاعت : 07/08/2020 - 23:54:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :