پاک انگلینڈ دوسرا ٹیسٹ میچ، تیسرے روز کا کھیل شروع ہونے کا امکان

بارش رکنے کے بعد پچ پر سے کوورز ہٹا دیے گئے، ایمپائر گراونڈ کا جائزہ لینے میں مصروف

muhammad ali محمد علی ہفتہ 15 اگست 2020 19:31

پاک انگلینڈ دوسرا ٹیسٹ میچ، تیسرے روز کا کھیل شروع ہونے کا امکان
ساوتھمپٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15اگست 2020ء ) پاک انگلینڈ دوسرا ٹیسٹ میچ، تیسرے روز کا کھیل شروع ہونے کا امکان، بارش رکنے کے بعد پچ پر سے کوورز ہٹا دیے گئے، ایمپائر گراونڈ کا جائزہ لینے میں مصروف۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل خراب موسم کی وجہ سے تاحال شروع نہ ہو سکا۔

پہلے بتایا گیا تھا کہ تیسرے روز کا کھیل شاید ممکن نہ ہو پائے۔ تاہم اب بتایا گیا ہے کہ بارش رکنے کے بعد گراونڈ میں سے کوورز ہٹا دیے گئے ہیں۔ ایمپائرز کی جانب سے پچ اور آوٹ فیلڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ امکان ہے کہ تیسرے روز کا کھیل شروع ہو جائے گا۔ اس سے قبل گزشتہ روز دوسرے روز کا کھیل خراب روشنی کے سبب جلد ختم ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 223 رنز سکور کیے۔

اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں شکست کو بھلا کر پاکستان ساؤتھمپٹن میں انگلینڈ سے دوسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہے جہاں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا اور میچ تاخیر سے شروع ہوا۔ بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، پہلے روز پاکستان کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ کھیل کے دوسرے روز چھٹی وکٹ بابر اعظم کی گری جو بٹلر کے ہاتھوں 47 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 60 رنز کے ساتھ اب تک کھیل رہے ہیں۔

ساتویں وکٹ یاسر شاہ کی گری جو 5 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے، آٹھویں نمبر پر شاہین شاہ آفریدی بھی صفر پر رن آؤٹ ہوئے جب کہ نویں وکٹ محمد عباس کی تھی جو دو رنز پر براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھی بارش اور موسم غالب رہے، بارش اور کم روشنی کے سبب 40.2 اوورز کا کھیل ہوسکا، پاکستانی ٹیم نے 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 223 رنز سکور کیے۔

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کا پہلا روز بارش سے متاثر رہا جس کی وجہ سے صرف 46 اوورز ہی کروائے جاسکے جس میں پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 126 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی، پچھلے میچ کے سنچری میکر شان مسعود صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کپتان اظہر علی اور اسد شفیق ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور دونوں بالترتیب 20 اور 5 رنز بناسکے۔ 11 سال بعد ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے والے فواد عالم صرف 4 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔ فواد عالم نے اپنا آخری ٹیسٹ 2009ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ عابد علی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے لیکن انہوں نے بھی 60 رنز پر اپنی وکٹ گنوادی۔
وقت اشاعت : 15/08/2020 - 19:31:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :