ڈالرزکی چمک خوف پر حاوی ،جیبیں بھرنے کیلیے آئی پی ایل کا آج آغاز

غیرملکی سٹارز بھی حفاظتی سوٹ، ماسک اور گلوز پہنے یو اے ای پہنچ گئے،لیگ کی منسوخی سے بھارت کو ممکنہ طور پر 534 ملین کا خسارہ ہوسکتا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 ستمبر 2020 12:05

ڈالرزکی چمک خوف پر حاوی ،جیبیں بھرنے کیلیے آئی پی ایل کا آج آغاز
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 ستمبر 2020ء ) ڈالرزکی چمک خوف پر حاوی ہو گئی تاہم کرکٹرز اور بورڈز سمیت سب کی جیبیں بھرنے کیلئے آئی پی ایل کا ہفتے کوآغاز ہوگا۔ شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں آئی پی ایل کے پہلے روز دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کا مقابلہ ہوگا، 2020ء میں لیگ کا13واں ایڈیشن ابتدائی پروگرام کے مطابق 29 مارچ کو شروع ہونا تھا لیکن بھارتی بورڈ نے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر اسے غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا تھا۔

بھارت میں کورونا کے حوالے سے اب بھی صورتحال بہتر نہیں، متاثرین کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے، آئی پی ایل کی منسوخی سے بھارت کو ممکنہ طور پر 534 ملین کا خسارہ ہوسکتا تھا، رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹونٹی کو بھی موخر کیا جاچکا ہے جسکے بعد ستمبر میں آئی پی ایل کے انعقاد کی راہ ہموار ہوپائی۔

(جاری ہے)

یو اے ای میں لیگ کے میچز بائیو سیکیور ببلز میں منعقد کیے جائیںگے،خالی سٹیڈیمز میں انعقاد ممکن ہوپائیگا، البتہ منتظمین کو امید ہے کہ اختتامی مراحل میں خلیجی حکام کچھ شائقین کو آنیکی اجازت دے سکتے ہیں، لیگ 10 نومبر کو مکمل ہوگی۔

بورڈ چیف اور سابق کپتان سارو گنگولی کا خیال ہے کہ لیگ کے میچز منعقد ہونے سے بھارت میں لوگوں کی زندگی عمومی انداز میں واپس آنے میں مدد مل سکے گی، شائقین گھروں کی ٹی وی سکرینز پر یہ مقابلے براہ راست دیکھ پائیںگے، براڈ کاسٹر کو قوی امید ہے کہ اس دوران انھیں بہتر ریٹنگ میسر آئیگی۔ اس سے قبل 2009ء کی آئی پی ایل کا جنوبی افریقہ میں انعقاد ہوا تھا، اسوقت بھارت میں عام انتخابات کی وجہ سے نیوٹرل وینیو چنا گیا، لیگ میں شرکت کیلیے نامور غیر ملکی سٹارز بھی خلیجی ریاستوں میں پہنچ گئے ہیں، بعض پلیئرز نے ذاتی مسائل کے سبب لیگ سے دوری بھی اختیار کرلی۔

روہت شرما کی زیرقیادت ممبئی انڈینز اس بار بھی ٹرافی پانے کیلیے پْرعزم ہے، انکا سکواڈ انتہائی متوازن شمار کیا جارہا ہے، دوسری جانب چنائی کو رائنا اور ہربھجن کی کمی محسوس ہوگی، ویرات کوہلی رائل چیلنجرز بنگلور کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے ہیں۔
وقت اشاعت : 19/09/2020 - 12:05:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :