معروف سائیکلسٹ عطاء اللہ کی چیئر مین سینٹ کی صادق سنجرانی ملاقات

موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے بین الصوبائی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ، ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، چیئر مین سینٹ

پیر 28 ستمبر 2020 18:48

معروف سائیکلسٹ عطاء اللہ کی چیئر مین سینٹ کی صادق سنجرانی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2020ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بلوچستان کے معروف سائیکلسٹ عطا اللہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ سائیکلسٹ عطااللہ امن و یکجہتی کے فروغ کیلئے سائیکل پر سوار ہو کر پورے ملک میں امن کا پیغام دینے نکلے ہوئے ہیں۔ انہو ں نے ملاقات میں چیئرمین سینیٹ کو اپنے مشن کے بارے آگاہ کیا۔

انہو ں نے بتایا کہ 14 اگست 2020 کو سائیکل پر یہ سفر کوئٹہ سے شروع ہوا اور اب تک ملک بھر کے تمام صوبوں اور بڑے شہروں کا چکر مکمل کر چکے ہیں اور اس سلسلے میں 25 ستمبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے ہیں۔سائیکلسٹ عطا اللہ نے کہا کہ میرا مقصد امن اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے اور یہی مشن لے کر میں شہر شہر، گلی گلی اپنا پیغام عام کرنے نکلا ہوں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سائیکلسٹ عطا اللہ کی اس کاوش کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس مثالی کاوش کی معترف ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عوام امن کی خاطر یکجہتی اور یکجہتی کی خاطر امن کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور ایوان بالاء کا مقصد بھی وفاقی اکائیوں کے مابین یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے سائیکلسٹ عطااللہ کی اس کاوش کو سراہا اور حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے بین الصوبائی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے اور اس کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔
وقت اشاعت : 28/09/2020 - 18:48:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :