مشاورت کے بعد عامر خان نے سیاست میں آنے کا 'فیصلہ' واپس لے لیا

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:58

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2020ء) پاکستانی نڑاد برطانوی باکسر عامر خان نے 2 روز قبل پاکستان میں سیاست میں حصہ لینے سے متعلق سوالات کو اپنے لیے فخر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سیاست کے ذریعے پاکستان کے نوجوان طبقے سے رابطہ قائم کرنا چاہتے ہیں۔اب عامر خان نے اپنی مشاورتی ٹیم سے بات چیت کے بعد اپنا ہی ’فیصلہ’ واپس لے لیا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ‘میں سیاسی راستے سے پاکستان کے نوجوانوں سے جڑنا چاہتا ہوں، پاکستان میں اوسط عمر 20 سال ہے اور اس نوجوان طبقے کے لیے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے’۔عامر خان نے کہا تھا کہ ‘مجھ سے کئی مرتبہ پوچھا گیا کہ کیا میں پاکستان کی سیاست میں شمولیت کروں گا’۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تھا کہ ‘ایک اسپورٹس مین اور ملک کے سفیر کی حیثیت سے میرے لیے عزت کی بات ہے کہ پوچھا جائے کہ کیا میں سیاست میں حصہ لوں گا، درحقیقت مجھے ملک کی خدمت کر کے خوشی ہوگی’۔ باکسر عامر خان نے کہا تھا کہ ‘یہ فیصلہ نہایت اہم ہوگا، ایک دن ہوسکتا ہے میں اس کو ترجیح دوں، میں اپنے مداحوں سے پوچھوں گا کہ وہ اس حوالے سے کیا سمجھتے ہیں’۔

اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ایک ٹوئٹ میں باکسر عامر خان نے کہا کہ میں نے اپنی مشاورتی ٹیم سے بات کی تھی، میں پاکستانی سیاست میں حصہ نہیں لوں گا۔عامر خان نے کہا کہ اس ملک کو وزیراعظم عمران خان چلارہے ہیں اور ہم سب کو ان پر اعتماد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں برطانیہ، پاکستان اور دنیا بھر میں فلاحی کاموں کو ترجیح دوں گا تاکہ دنیا کو بہتر اور محفوظ بنایا جائی
وقت اشاعت : 22/10/2020 - 23:58:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :