پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان کیلئے نام فائنل کر لیا گیا

پی سی بی نے بلے باز بابر اعظم کو ہی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سونپنے کا فیصلہ کر لیا، حتمی اعلان نومبر کے دوسرے ہفتے میں ہوگا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:15

پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان کیلئے نام فائنل کر لیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2020ء) پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان کیلئے نام فائنل کر لیا گیا، پی سی بی نے بلے باز بابر اعظم کو ہی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سونپنے کا فیصلہ کر لیا، حتمی اعلان نومبر کے دوسرے ہفتے میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، تاہم باقاعدہ اعلان اگلے ماہ کیا جائے گا۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مصباح الحق کی جانب سے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد اظہر علی کیلئے بھی عہدہ بچانا مشکل ہوگیا ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران اظہر علی کی بجائے محمد رضوان کو ٹیم کی قیادت کی ذمے داری سونپنے کی خبریں سامنے آئی تھیں، جن کی اب تردید کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ بابر اعظم کو ہی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی بھی سونپے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی تینوں طرز کی ٹیموں کیلئے ایک ہی کپتان مقرر کرنے کا خواہاں ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ چند روز کے دوران غور و فکر کرنے کے بعد فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تاہم قومی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان کے نام کا اعلان نومبر کے دوسرے ہفتے میں کیا جائے گا۔ اظہر علی برطرفی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان کی قیادت میں اب تک قومی ٹیم کی کارکردگی کافی ناقص رہی ہے۔

اظہر علی کی ناقص کپتانی کی وجہ سے ہی دورہ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم جیتا ہوا ٹیسٹ میچ ہار گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان اس حوالے سے اظہر علی سے اہم ملاقات کر چکے ہیں، جبکہ چئیرمین پی سی بی احسان مانی اگلے ماہ قومی ٹیم کے کپتان سے ملاقات کریں گے۔ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان نومبر کے دوسرے ہفتے میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی کپتانی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا بتانا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے ایک رکن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دورہ انگلینڈ کے دوران مانچسٹر ٹیسٹ دیکھ رہے تھے۔ میچ پاکستان کے ہاتھ میں تھا پھر بھی انگلینڈ نے فتح حاصل کر لی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اظہر علی کی کپتانی ناقص رہی، انہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
وقت اشاعت : 24/10/2020 - 22:15:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :