دورہ نیوزی لینڈ،پاکستانی کھلاڑیوں نے کورونا پروٹوکول کی خلاف ورزی کیسے کی؟

کھلاڑیوں کوہوٹل میں کھانا پیش کیا گیا تو ٹرے وصول کرتے وقت کئی کھلاڑیوں نے ماسک نہیں پہن رکھے تھے،کئی کھلاڑیوں کی کمروں کے دروازے کھول کر ایک دوسرے سے گفتگو کیمرے نے ریکارڈ کرلی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 نومبر 2020 14:48

دورہ نیوزی لینڈ،پاکستانی کھلاڑیوں نے کورونا پروٹوکول کی خلاف ورزی کیسے کی؟
ویلنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 نومبر 2020ء ) نیوزی لینڈ کا دورہ کرنیوالی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے 6 ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں پر نیوزی لینڈ حکومت کے کووڈ19 کے پروٹوکول کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم اور منیجمنٹ کا گزشتہ روز پہلا کورونا ٹیسٹ لیا گیا تھا جسکے نتیجے آگئے ہیں۔

نتیجوں کے مطابق 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ فی الحال کورونا ٹیسٹ مثبت والے کھلاڑیوں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔ جن 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ان میں سے 4 کنفرم کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ دیگر 2 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ ایک بار پھر دوبارہ لیے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق جن 6 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں سے 2 ارکان پہلے بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں، پاکستان سکواڈ کے کورونا سے متاثرہ کھلاڑیوں نے خود کو ہلٹن ہوٹل میں قرنطینہ کرلیا،کرکٹ نیوزی لینڈ نے کہا ہے کہ پاکستانی سکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے دن ہی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔

نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ’متعدد‘ ممبران کو سی سی ٹی وی کیمروں پر کرونا پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے دیکھا گیا ہے لیکن وزارت نے اس بارے میں تفصیل فراہم نہیں کی کہ کیا قوانین توڑے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے کووڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی کے دو واقعات ٹیم کے نیوزی لینڈ پہنچنے کے پہلے 12 گھنٹے کے دوران ہی سامنے آ گئے تھے۔

پہلے واقعے میں کھلاڑیوں نے اس وقت پروٹوکول کی خلاف ورزی کی جب انھیں ہوٹل میں کھانا پیش کیا گیا تو کھانے کی ٹرے وصول کرتے وقت کئی کھلاڑیوں نے ماسک نہیں پہن رکھے تھے۔ دوسرے واقعے میں  کھلاڑیوں نے ہوٹل میں کمروں کے دروازے کھول کر ایک دوسرے سے گفتگو شروع کردی جسے کیمرے نے ریکارڈ کر لیا۔ کینٹربری ڈسٹرکٹ ہیلتھ بورڈ کے میڈیکل آفیسر آف ہیلتھ نے اب سکواڈ کی انتظامیہ کو ایک خط بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹیم کے تمام ممبران اگلے احکامات تک اپنے اپنے کمروں میں رہیں ، کھلاڑیوں کا تربیتی سیشن بھی ختم کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم 2 روز پہلے نیوزی لینڈ پہنچی تھی، نیوزی لینڈ میں کورونا ایس او پیز کے تحت سیریز سے قبل کھلاڑیوں کے 3 ٹیسٹ کئے جائیںگے۔
وقت اشاعت : 26/11/2020 - 14:48:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :