پی سی بی نے دورہ نیوزی لینڈ پر حتمی فیصلے کیلئےکھلاڑیوں سے فیڈ بیک مانگ لیا

نیوزی لینڈ میں موجود سکواڈ کی چوتھی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے رزلٹ منفی آنے کے باوجود ٹریننگ کی اجازت نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا:وسیم خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 4 دسمبر 2020 11:43

پی سی بی نے دورہ نیوزی لینڈ پر حتمی فیصلے کیلئےکھلاڑیوں سے فیڈ بیک مانگ لیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 دسمبر 2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کے بارے میں حتمی فیصلے کے لیے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سمیت ٹیم مینجمنٹ سے فیڈ بیک مانگ لیا ہے۔ کپتان بابراعظم اورہیڈ کوچ مصباح الحق کھلاڑیوں سے فیڈ بیک لینے کے بعد پی سی بی سے رابطہ کریں گے جس کے بعد چیئرمین پی سی بی احسان مانی دیگر عہدیداروں سے صلاح مشورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق بابراعظم اور مصباح الحق مسلسل اپنے کمروں میں رہنے پر مجبور کھلاڑیوں سے بات کرکے ان کی ذہنی کیفیت کے بارے میں فیڈ بیک دیں گے جس کی روشنی میں دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے یا ختم کرنے کے حوالے سے مزید فیصلہ ہوگا، اگر کھلاڑیوں نے آرام دہ محسسوس کیا تبھی دورے کو جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان بابراعظم سے نیوزی لینڈ حکومت کے ٹریننگ کی اجازت نہ دینے کے فیصلے کے بعد سامنے آنے والی صورت حال پر بات کی۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آج قومی ٹیم کی صورتحال پر نیوزی لینڈ میں کپتان اور کوچ سے بات چیت کرکے ان کی ہمت بڑھائی، ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور کھلاڑی بقیہ 4 دن گزار کر کرکٹ پر فوکس کرنے کیلئے تیار ہے۔ وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے نیوزی لینڈ کرکٹ اور نیوزی لینڈ کی وزارت صحت سے رابطہ کیا اور نیوزی لینڈ میں موجود قومی سکواڈ کی چوتھی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے رزلٹ منفی آنے کے باوجود انہیں ٹریننگ کی اجازت نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔
وقت اشاعت : 04/12/2020 - 11:43:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :