نئی ٹیسٹ رینکنگ میں فواد عالم اور محمد رضوان کی لمبی چھلانگ

فواد عالم کی دوسری اننگز کی عمدہ سنچری نے انہیں 102 ویں پوزیشن پر پہنچا دیا،رضوان کا 47واں نمبر،کین ولیمسن نے سمتھ،کوہلی کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 31 دسمبر 2020 12:15

نئی ٹیسٹ رینکنگ میں فواد عالم اور محمد رضوان کی لمبی چھلانگ
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 دسمبر 2020ء ) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد پاکستانی مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ پلیئر کی درجہ بندی میں لمبی چھلانگیں لگائی ہیں ۔ فواد عالم کی دوسری اننگز کی عمدہ سنچری نے انہیں 80 درجے ترقی کے ساتھ 102 ویں پوزیشن پر پہنچا دیا جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان کے 71 اور 60 رنز کے سکورز نے انہیں 27 درجے اوپر کیریئر کی بہترین 47 ویں پوزیشن پر پہنچایا، پہلی اننگز میں 91 رنز بنانے والے فہیم اشرف 94 ویں پوزیشن پر ترقی پاگئے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی پہلی اننگز میں چار وکٹیں حاصل کرنے کے بعد 35 ویں سے 33 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ فاسٹ بائولر نسیم شاہ نے 58 ویں سے 53 ویں پوزیشن پرچھلانگ لگائی ہے جب کہ آل رائونڈر فہیم اشرف نے 61 ویں پوزیشن کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں دوبارہ انٹری کی ہے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے آئی سی سی ٹیسٹ پلیئر رینکنگ میں سٹیو سمتھ اور ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

ولیمسن نے 2015ء کے آخر میں مختصر عرصے کے لیے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی اور اس کے بعد سے سٹیو سمتھ یا ویرات کوہلی میں ہی پہلی پوزیشن کی جنگ جاری رہی۔ اس سال بھی سٹیوسمتھ 313 دن اور ویرات کوہلی 51 دن پہلی پوزیشن پر موجود رہے جس کے بعد آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2008ء میں ان کے ساتھ کھیلنے والے ولیمسن نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا۔ ولیمسن نے پاکستان کیخلاف 129 اور 21 رنز کی باریاں کھیل کر 13 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے اور کوہلی پر 11 جب کہ سٹیو سمتھ پر 13 پوائنٹس کی سبقت حاصل کرلی۔

کوہلی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کھیلنے کے بعد پہلے بچے کی پیدائش کے باعث بھارت واپس آگئے ہیں جبکہ سٹیو سمتھ میلبورن ٹیسٹ میں 0 اور 8 رنز سکور کرسکے۔ روس ٹیلر نے 17 ویں سے14 ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے جبکہ 26 سالہ فاسٹ بائولر کائل جیمیسن پہلے ٹیسٹ میں 5 شکار کرکے ٹاپ 30 بائولرز کی رینکنگ میں شامل ہوگئے ہیں۔ کوہلی کی غیر موجودگی میں کپتانی کرنے والے اجنکیا رہانے نے میلبورن ٹیسٹ میں 112 اور 27 ناٹ آؤٹ رنز کے ساتھ 5درجے بہتری کے بعد چھٹی پوزین حاصل کرلی ہے جو اکتوبر 2019ء کے بعد ان کی بہترین پوزیشن ہے۔

آف سپنر روی چندرن ایشون دو درجے ترقی پاکر 7ویں اور فاسٹ بائولر جسپریت بمراہ 10ویں سے 9ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ۔ آل راؤنڈر رویندرا جدیجہ میلبورن ٹیسٹ میں اپنی واحد اننگز میں 57 رنز بناکر کیریئر کی بہترین 36 ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے جب کہ بائولرز کی رینکنگ میں4 درجے ترقی کے ساتھ 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ وہ آل راؤنڈروں میں تیسرے نمبر پر ہیں اور ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر سے اپنا فاصلہ 34 کی بجائے صرف 7 پوائنٹس کا کرلیا ہے۔

شوبن گل اور محمد سراج نے بلے بازوں اور بولرز کی فہرست میں بالترتیب 76 ویں اور 77 ویں پوزیشن پر انٹری کی ہے، گل نے 45 اور 35 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جب کہ سراج نے میچ میں 5 شکار کیے۔ آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بائولر مچل سٹارک کی 4 وکٹوں نے انہیں کیریئر کی بہترین 5 ویں پوزیشن دوبارہ حاصل کرنے میں مدد فراہم کی۔ میتھیو ویڈ کے بطور اوپنر 30 ​​اور 40 رنزنے انہیں 55 ویں سے 50 ویں نمبر پر پہنچنے میں مدد کی جبکہ کیمرون گرین 36 درجے ترقی پاکر 115 ویں پوزیشن پر پہنچے۔

سنچورین میں فاف ڈو پلیسی 199 رنز سکور کرکے 35 ویں پوزیشن سے 21 ویں پوزیشن پر پہنچے ، ڈین ایلگر95 رنز بنا کر4درجے ترقی کے ساتھ 20ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ لونگی نگیدی نے 60ویں سے 56 ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی۔ سری لنکا کے لئے دنیش چندیمل کی 85 اور 25 رنز کی اننگز نے انہیں 3 درجے ترقی کے ساتھ 38 ویں نمبر پر پہنچایا جبکہ دھننجیا ڈی سلوا نے 43ویں سے 34 ویں نمبر پراور کوسل پریرا نے 64ویں سے 60 ویں نمبرپر چھلانگ لگائی۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر وشوا فرنینڈو نے 3 وکٹیں حاصل کرکے 47 ویں سے 45 ویں پوزیشن پرچھلانگ لگائی ۔
وقت اشاعت : 31/12/2020 - 12:15:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :