فخرزمان کو پاک بحریہ کی جانب سے پنشن بھی ملے گی

چیمپئنز ٹرافی 2017ء فائنل میں بھارت کیخلاف یادگار سنچری پرپاکستان نیوی نے انھیں بحیثیت ’ماسٹر چیف پیٹی آفیسر‘ فورس میں شامل کیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 31 دسمبر 2020 16:17

فخرزمان کو پاک بحریہ کی جانب سے پنشن بھی ملے گی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 دسمبر 2020ء ) قومی ٹیم کے اوپنر فخرزمان کو پاک بحریہ کی جانب سے پنشن بھی ملے گی ۔ 30 سالہ فخر زمان نے 2007ء میں بحیثیت انڈر ٹرینی یا بطورتربیتی سیلر پاکستان نیوی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ ایک سال تک باقاعدہ ٹریننگ حاصل کرتے رہے اور اس دوران کرکٹ کھیلنے کا شوق بھی پورا کرتے رہے جبکہ پاکستان نیوی کی طرف سے مختلف مقابلوں میں بھی حصہ لیا۔

فخرزمان کے ذہن میں پروفیشنل کرکٹر بننے کا خیال موجود تھا لیکن وہ یہ بھی جانتے تھے کہ پاکستان نیوی ڈومیسٹک کرکٹ میں صرف گریڈ ٹو مقابلے کھیلتی ہے اور اس وجہ سے ان کےکرکٹ میں آگے بڑھنے کے امکانات محدود تھے لہذا انھوں نے 2013ء میں پاکستان نیوی سے درخواست دی کہ انھیں پاک بحریہ سے فارغ کر دیا جائے ۔

(جاری ہے)

فخرزمان کا پاکستان نیوی سے تعلق مکمل طور پر ختم نہ ہوسکا کیونکہ 2017ء میں چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کے خلاف یادگار سنچری بنانے کے بعد پاکستان نیوی نے انھیں بحیثیت ’ماسٹر چیف پیٹی آفیسر‘ فورس میں شامل کر لیا جس کے باعث اب یہ نہیں کہا جاسکتا کہ فخرزمان کو بحیثیت سویلین اعزازی لیفٹیننٹ کا رینک دیا ہے کیونکہ وہ 2017ء سے باقاعدہ پاک بحریہ سے وابستہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق فخرزمان کو اعزازی لیفٹیننٹ کے طور پر پاکستان نیوی میں متعدد مراعات حاصل ہوں گی جن میں پنشن بھی شامل ہے۔ دوسری جانب تجزیہ کار بریگیڈیئر صولت رضا نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ پاکستان آرمی میں ایسا ضرور ہوا ہے کہ فوج سے تعلق رکھنے والے کسی ایتھلیٹ کو ایک رینک اوپر کردیا گیا، ،اس کی ایک مثال مشہور ایتھلیٹ حوالدار محمد یونس کی ہے جنھوں نے 1974ء کے ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔
وقت اشاعت : 31/12/2020 - 16:17:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :