موجودہ کوچنگ عملہ ویژن سے محروم ہے: اظہر محمود

بابراعظم کا نہ کھیلنا بہت بڑا جھٹکا تھا لیکن اس کے باوجود کھلاڑیوں کی جانب سے فائٹنگ سپرٹ دیکھنے کو نہیں ملی: سابق بائولنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 جنوری 2021 15:44

موجودہ کوچنگ عملہ ویژن سے محروم ہے: اظہر محمود
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جنوری 2021ء ) سابق پاکستانی بولنگ کوچ اظہر محمود نے نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی سیریز میں ہارنے کے لئے موجودہ کوچنگ سٹاف کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) اور مسلم ہینڈز کی ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 45 سالہ سابق بائولنگ کوچ نے کہا کہ قومی ٹیم کے موجودہ کوچز ویژن سے عاری ہیں۔

اظہر محمود کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے موجودہ کوچنگ عملے کا کوئی ویژن نہیں ہے کیونکہ انہیں اندازہ ہی نہیں ہے کہ یہ ٹیم کہاں جارہی ہے، نیوزی لینڈ میں ہم نے پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی دیکھی ،مانتا ہوں کہ بابراعظم کا نہ کھیلنا بہت بڑا جھٹکا تھا لیکن اس کے باوجود کھلاڑیوں کی جانب سے فائٹنگ سپرٹ دیکھنے کو نہیں ملی ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ دوسرا ٹیسٹ اننگز اور 176 رنز سے ہارنے کے بعد پاکستان کا دورہ نیوزی لینڈ بدھ کے روز ختم ہوا۔

پاکستانی ٹیم کو میزبان ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد سابق کھلاڑیوں اور تجزیہ کاروں نے وطن واپسی پر کھلاڑیوں اور کوچوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس سے قبل منگل کے روز سابق پاکستانی کرکٹر عاقب جاوید نے بھی قومی ٹیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں دیکھی جانے والی بدترین قومی ٹیم ہے۔ انہوں نے مصباح الحق اور وقار یونس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سکول کی کرکٹ ٹیموں کی کوچنگ کے لئے بھی اہل نہیں ہیں۔
وقت اشاعت : 09/01/2021 - 15:44:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :