سابق ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین کورونا وائرس کا شکار

73 سالہ سابق کپتان و کوچ کے اہل خانہ کی عوام سے دعائے صحت کی اپیل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 فروری 2021 15:10

سابق ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین کورونا وائرس کا شکار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 فروری 2021ء ) سابق اولمپیئن اور قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ 73 سالہ اصلاح الدین کورونا وائرس کے باعث کراچی کے آغا خان ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل ہیں۔ اصلاح الدین 1967ء سے 1978ء کے دوران 130 انٹرنیشنل میچز میں 137 گول سکور کیے، ان کی کپتانی میں قومی ہاکی ٹیم نے 1978ء کا ورلڈ کپ جیتا اور اسی سال چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز میں گولڈ میڈل بھی اپنے نام کیا،ان کی کپتانی میں قومی ٹیم 1975ء کے ورلڈ کپ میں رنر اپ رہی، وہ خالد محمود کی کپتانی میں بارسلونا میں1971ء کا ہاکی ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے بھی رکن تھے۔

وہ 1972ء میں میونخ اولمپکس میں سلور میڈل اور 1976ء میں مونٹریال اولمپکس میں برانز میڈل جیتنے والی قومی ٹیم میں بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

سابق کوچ کے اہل خانہ نے عوام سے دعائے صحت کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا تھا کہ بزرگ شہریوں کے لیے کورونا ویکسین رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ 65 سال اور اس سے زائد عمر کے شہری کورونا ویکسین کے لیے اپنی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ بزرگ شہری رجسٹریشن کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 1166 پر بھیجیں۔ مارچ میں ویکسین کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 16/02/2021 - 15:10:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :