جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم جولائی میں آئرلینڈ کا دورہ کرے گی

بدھ 17 فروری 2021 11:42

جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2021ء) کرکٹ ساوتھ افریقہ (سی ایس اے) کے اعلامیے کے مطابق جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم رواں سال جولائی میں آئرلینڈ کا دورہ کرے گی۔ جنوبی افریقہ کی قومی کرکٹ ٹیم اپنے دورہ آئرلینڈ  کے دوران تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی ۔ آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز ملتوی ہونے کے بعد کرکٹ جنوبی افریقہ نے اس خلا کو پر کرنے کے لئے دورہ آئرلینڈ کا فیصلہ کیا۔

یہ دورہ آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین میچز 11 سے 25 جولائی تک مالاہائیڈ اور سٹورمونٹ میں کھیلے جائیں گے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم2007کے بعد پہلی مرتبہ آئرلینڈ کا دورہ کر رہی ہے۔   اپنے ایک بیان میں کرکٹ جنوبی افریقہ کے ڈائریکٹر گریم سمتھ نے کہا کہ کرکٹ کی دنیا میں تیزی سے اپنا نام بنانے والے ملک کا دورہ کرنا ہماری تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کی ٹیم نے حالیہ برسوں میں خود کو سخت حریف ثابت کیا ہے جس کی وجہ سے ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں حیثیت بڑھی ہے۔ اس دورہ سے ہمارے کھلاڑیوں کو بھی نئی کنڈیشنز کا تجربہ ہوگا اور ہم اس سیریز کے منتظر ہیں۔ آئرلینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وارن ڈیوٹروم نے کہا ہے کہ 2020میں ہوم سیریز ملتوی ہونے کی وجہ سے فیوچر ٹور پروگرام میں  اہم تبدیلیاں کی گئیں۔ کرکٹ کھیلنے والے  ممالک کو 2020سے 2023کے شیڈول کو دوبارہ ترتیب دینا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ سیزن  کے منتظر ہیں اور ہمارے ملک کا دورہ کرنے والی ٹیموں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وقت اشاعت : 17/02/2021 - 11:42:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :