فیملی اور فینز قیمتی ترین اثاثہ ہیں: شاہد آفریدی

قومی ٹیم کے سابق کپتان آج اپنی 44 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 1 مارچ 2021 11:29

فیملی اور فینز قیمتی ترین اثاثہ ہیں: شاہد آفریدی
(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم مارچ 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی 44 ویں سالگرہ کے موقع پر فیملی اور فینز کو قیمتی ترین اثاثہ قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کے مداحوں کی جانب سے اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی سالگرہ پر بے شمار پیغامات شیئر کیے جارہے ہیں۔ شاہد آفریدی نے رات گئے ٹرینڈ سیٹ کرکے سالگرہ کی مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے 44 ویں سالگرہ کی مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’فیملی اور پرستار میرا قیمتی ترین اثاثہ ہیں، شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ واقعتاً ملتان سلطانز کے ساتھ اپنے ٹائم سے لطف اندوز ہورہے ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ ایسی پرفارمنس پیش کریں جو ٹیم کو فتح دلائے‘۔
خیال رہے کہ شاہد خان آفریدی یکم مارچ 1980ء کو خیبرایجنسی میں پیدا ہوئے، جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے دنیا بھرمیں بوم بوم کے نام سے مشہور آفریدی نے کرکٹ کی دنیا میں قدم 1996ء میں رکھا اور چھاگئے۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی نے 27 ٹیسٹ میں 5 سنچریز اور8 نصف سنچریوں کی مدد سے 1716 رنز بنائے جب کہ ان کا بہترین سکور156 رنزرہا۔ آفریدی سری لنکا کے خلاف 37 بالزپرتیزترین سنچری کا ریکارڈ بنا کردنیا بھرمیں مشہور ہوگئے۔ 398 ون ڈے میچز میں شاہد آفریدی نے 8064 رنز سکور کئے جس میں 6 سنچریاں اور39 نصف سنچریاں شامل ہیں جب کہ 99 ٹی ٹونٹی میچوں میں آفریدی نے 1415 رنز4 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے۔

شاہد خان آفریدی کو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 98 وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ شاہد آفریدی کی جارحانہ بلے بازی شائقین کھیل کے دلوں کو گرمانے کے ساتھ ساتھ ان کی نبض بھی تیزکردیتی ہے جب کہ بوم بوم کی بائولنگ پرمخالف بلے بازوں کی وکٹیں اڑنے کا منظر ہمیشہ مداحوں کی بے پناہ خوشی اورمسرت کا باعث بنتا ہے ۔
وقت اشاعت : 01/03/2021 - 11:29:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :