پی سی بی کا آخری آپشن کے طور پر پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں کروانے پر غور

لیگ کے بقیہ میچز کے لیے ملکی گرائونڈز کو بدستور ترجیح دی جائے گی، مئی کی ونڈو میں میچز کروائے جانے کاامکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 5 مارچ 2021 13:20

پی سی بی کا آخری آپشن کے طور پر پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں کروانے پر غور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 مارچ 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آخری آپشن کے طور پر پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں کروانے پر غور شروع کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے پی ایس ایل 6 کے بقیہ 20 میچز کے لیے ہوم گرائونڈز کو ہی ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم کسی بھی ہنگامی صورتحال کے مدنظر پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کو متحدہ عرب امارات بھی منتقل کرنے پر غور جاری ہے، پی سی بی حکام نے اس حوالے سے فرنچائز مالکان سے بھی مشاورت شروع کردی ہے ۔

یاد رہے کہ کورونا کیسز کے باعث ملتوی ہونے والی پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز کروانے کے سلسلے میں نئی تاریخ کیلئے 3 ونڈوز پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں سال مئی، ستمبر یا دسمبر میں پی ایس ایل 2021ء کے بقیہ 20 میچز ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مئی میں زمبابوے کے خلاف سیریز کے بعد موجود ونڈو کو پی ایس ایل 6 کے میچز کے لیے استعمال کرنے کے آپشن پر غور جاری ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ مئی کے علاوہ ستمبر اور دسمبر میں بھی میچز کے لیے ونڈوز نکالنے کے آپشن پر غور ہوا ہے ۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 7 کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد پی ایس ایل 2021ء کے چھٹے ایڈیشن کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوا تھا اور ایونٹ میں اب تک 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ 6 کا التوا پاکستان کرکٹ کا نقصان ہے ، ایونٹ کے لیے ونڈو تلاش کرکے بقیہ 20 میچز مکمل کروائیں گے ۔
وقت اشاعت : 05/03/2021 - 13:20:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :