پی ایس ایل 6، پلیئنگ الیون میں 3غیر ملکی کھلاڑی لازمی شامل کرنے کی شرط ختم کرنے پر غور

لیگ کے بقیہ میچز کیلئے غیرملکی کرکٹرزکی دستیابی بڑا مسئلہ ،بائیو سیکیورببل میں موجود کھلاڑیوں اور آفیشلز کے دوبارہ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 7 مارچ 2021 15:51

پی ایس ایل 6، پلیئنگ الیون میں 3غیر ملکی کھلاڑی لازمی شامل کرنے کی شرط ختم کرنے پر غور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 مارچ 2021ء ) پی سی بی اجلاس میں پی ایس ایل کے حوالے سے زیر غور آنے والی تجاویز پر فرنچائزز کے مابین مشاورت کا آغاز ہوگیا ہے، رواں سال دستیاب شدہ ونڈو میں ٹی ٹونٹی ایونٹ کرانے کی راہ میں سب سے بڑا مسئلہ غیرملکی کرکٹرزکی دستیابی ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے پی ایس ایل 6 کے باقی 20 میچز ملتوی ہونے پر تشویش میں مبتلا پی سی بی حکام کراچی میں سرجوڑ کر بیٹھے اور ایونٹ مکمل کرنے کیلئے رواں سال ممکنہ ونڈوز پر غور کیا ، پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے دوران سخت ترین ایس او پیز کیلئے کسی غیرملکی کمپنی کی خدمات حاصل کرنیکا فیصلہ بھی کیا گیا، ذرائع کے مطابق پی سی بی اجلاس میں زیر غور آنے والی تجاویز پر فرنچائزز نے بھی مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

تمام ٹیموں کے مالکان بائیو سیکیور ببل کو فول پروف بنانے کے تجویز کردہ پلان کو بہتر سمجھتے ہیں لیکن انہیں یہ فکر بھی ستا رہی ہے کہ اب غیر ملکی کرکٹرز کا اعتماد بحال کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا، ایونٹ کے لیے تجویز کردہ 10 روزہ قرنطینہ کی وجہ سے بھی کئی غیر ملکی کھلاڑی ایونٹ میں شرکت سے گریز کریں گے اور اگر پی ایس ایل کے بقیہ میچز مئی میں ہوئے تو آئی پی ایل سے شیڈول متصادم ہونے کی وجہ سے بھی بہت سے غیرملکی کرکٹرز ملکی لیگ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے،ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے مطابق ہر پلیئنگ الیون میں زیادہ سے زیادہ 4 اور کم ازکم 3 غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا جا سکتا ہے اور حالات کودیکھتے ہوئے اس شرط کو ختم کرنے کا فیصلہ کرنا ہوگا، اس سے قبل اس کیلئے ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت لینا پڑتی تھی، فرنچائزز کے مابین ایک دوسرے سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور حتمی فیصلے سٹیک ہولڈرز کی چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے ساتھ میٹنگ میں کیے جائیں گے۔

وقت اشاعت : 07/03/2021 - 15:51:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :