کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ ، ٹیم آفیشلز سر جھوڑ کر بیٹھ گئے ، قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کو کھلاڑیوں کی فٹنس سے مشروط کرنے کا فیصلہ،25 ناموں کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ ، وقار یونس سے بھی مشاورت جاری ، سینئر کھلاڑیوں کے کہنے پر سینٹر ل کنٹریکٹ میں معاوضے کے باوجود سخت شرائط رکھی گئی ہیں ، فٹنس میں ناکامی پر جرمانوں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے ،سابق کپتان شعیب ملک، کامران اکمل، عبدالرزاق اور عمر امین کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ دینے کا فیصلہ

منگل 3 جون 2014 17:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جون۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کو کھلاڑیوں کی فٹنس سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے کے بعد جو کھلاڑی فٹنس کا مطلوبہ معیار حاصل نہیں کر سکے گا۔اسے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔باخبر ذرائع کے مطابق پاکستانی سلیکٹرز ان دنوں لاہور میں معین خان کی سربراہی میں سر جوڑ کر بیٹھے ہیں اور سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے25ناموں کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور اس دوران کوچ وقار یونس سے بھی ٹیلی فون پر مشاورت کی گئی ہے۔

تاہم یہ بات اصولی طور پر طے ہوچکی ہے کہ ان کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ ملے گاجنہوں نے گذشتہ سیزن کے دوران کارکردگی دکھائی ہوگی۔تاہم سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے پہلی شرط فٹنس ہے۔

(جاری ہے)

اگر کسی کھلاڑی کو مشروط طور پر سینٹرل کنٹریکٹ دے دیا جاتا ہے اور اور اس کھلاڑی کو کہا جاتا ہے کہ وہ اس عرصے میں اپنی فٹنس کو بہتر بنائیں اور اگر وہ فٹنس کو بہتر بنانے میں ناکام رہے۔

تو انہیں جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔سینٹرل کنٹریکٹ میں خراب فٹنس والے کھلاڑیوں کے لئے جرمانے کی شق کو شامل کیا جائے گا۔یہ پہلا موقع ہوگا جب سینٹرل کنٹریکٹ میں معاوضوں کا اضافہ کرنے کے باوجود اس میں بعض سخت شرائط رکھی گئی ہیں تاہم ان شرائط کو سینئر کھلاڑیوں مصباح الحق، محمد حفیظ، سعید اجمل ، شاہد آفریدی اور یونس خان کے مشورے سے معاہدے کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام پانچ ماہ گذرنے کے باوجود ابھی تک سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست کو حتمی شکل نہیں دے سکے ہیں۔ تاہم امکان ہے کہ جمعرات کو سمر کیمپ ختم ہوتے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست کا اعلان کردے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے سابق کپتان شعیب ملک، کامران اکمل، عبدالرزاق اور عمر امین کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا جائے گا۔

البتہ اس فہرست میں بعض نئے چہرے شامل ہوں گے جن میں سرفراز احمد، شرجیل خان، فواد عالم، صہیب مقصود، ذوالفقار بابر، محمد طلحہ اور خرم منظور شامل ہوں گے۔ احمد شہزاد کو اے کٹیگری ملنے کا امکان ہے۔ اے کٹیگری میں مصباح الحق، یونس خان، شاہد خان آفریدی ، محمد حفیظ شامل ہوں گے۔ اس وقت لاہور کے کیمپ میں جو چالیس کھلاڑی شریک ہیں انہی میں سے سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے 25 نام شارٹ لسٹ کئے جائیں گے۔

وقت اشاعت : 03/06/2014 - 17:19:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :