بھارت میں کورونا بے قابو، ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا انعقاد آئی سی سی کیلئے چیلنج بن گیا

آئی سی سی وفد اگلے چند روز میں بھارت کا دورہ کرے گا لیکن موجودہ صورتحال میں وفد کابھارت جانا بھی چیلنج قرار دیا جا رہا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 22 اپریل 2021 15:51

بھارت میں کورونا بے قابو، ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا انعقاد آئی سی سی کیلئے چیلنج بن گیا
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 اپریل 2021ء ) ‏بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور آئی سی سی کیلئے رواں سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے ۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی کو بھارت میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر انتہائی تشویش ہے جس کے باعث کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی نے بھارت میں کووڈ 19 کی صورتحال کا بغور جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئی سی سی رواں سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کے لیے مکمل تسلی کرنے کا خواہش مند ہے کیونکہ عالمی گورننگ باڈی کا ماننا ہے کہ اس میگا ایونٹ کے انعقاد کے لیے ٹیموں اور براڈ کاسٹرز سمیت دیگر متعلقہ افراد کی صحت اور حفاظت کو کسی صورت خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کا وفد اگلے چند روز میں بھارت کا دورہ کرے گا لیکن بھارت میں موجودہ کو مد نظر رکھتے ہوئے وفد کا وہاں جانا بھی چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے لیے بھارت کے 9 مجوزہ وینیوز کا بھی جائزہ لینا ہے اور اس جائزے کے بعد ہی آئی سی سی وینیوز کا حتمی فیصلہ کریگا۔ خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اکتوبر، نومبر میں بھارت میں کھیلا جانا ہے۔ یاد رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی وبا سنگین صورتحال اختیار کرچکی ہے جہاں ایک دن میں ریکارڈ 3 لاکھ 14 ہزار سے کیسز رپورٹ ہوئے ،اس سے پہلے دنیا کے کسی بھی ملک میں رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی تعداد اتنی نہیں رہی۔

وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں اب مجموعی طور پر ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ حکام کے مطابق کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 104 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اس طرح ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار 657 ہوگئی۔
وقت اشاعت : 22/04/2021 - 15:51:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :