چار ملکی ڈویژن تھری ویسٹ ایشین رگبی چمپئن شپ ، بھارت نے پاکستان کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی

پیر 23 جون 2014 19:40

چار ملکی ڈویژن تھری ویسٹ ایشین رگبی چمپئن شپ ، بھارت نے پاکستان کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جون 2014ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیرانتظام ہونیوالی چار ملکی ڈویژن تھری ویسٹ ایشین رگبی چمپئن شپ میں بھارت نے پاکستان کو 25-7سے شکست دیکر تیسری پوزیشن حاصل کرلی، پاکستان چمپئن شپ میں چوتھے نمبر پر رہا، میچ اتوار کی رات ڈی ایچ اے سٹیڈیم میں کھیلا گیا، میچ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور تھے ، اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے قانونی امور سیدعلی رضا شاہ، ارکان اسمبلی تہیہ نون اور عائشہ غوث پاشا بھی موجود تھے۔

اسٹیڈیم آمد پر ڈی جی سپورٹس کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا،میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور سے تعارف کرایا گیا،بھارت کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو واضح سکور سے شکست دی، بھارت کی طرف سے ناصر اور راکیش جبکہ پاکستان کی طرف سے کاشف خواجہ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، اس موقع پر سٹیڈیم میں شائقین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے روایتی حریفوں کے درمیان دلچسپ میچ دیکھا، شائقین نے اعلیٰ کھیل پیش کرنے پر کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔

(جاری ہے)

میچ کے آخر میں ڈی جی سپورٹس عثمان انور نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، رگبی ایسوسی ایشن پنجاب کے صدرمیجر جنرل (ر)محمد اشرف نے ڈی جی سپورٹس کو شیلڈ پیش کی۔تقریب کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس عثمان انور نے کہا کہ آج بہت خوشی کا موقع ہے کہ غیرملکی ہمارے مہمان ہیں، پرامن اور محفوظ رگبی چمپئن شپ کا انعقاد یہ بات ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کے بارے میں دنیا میں منفی تاثر دیا جاتا رہا ہے، ہمارا ملک امن کا گہوارہ بن چکا ہے، پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دوران انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے فیز ون میں بھی غیر ملکی ٹیموں نے شرکت کی اور اب بھی غیرملکی ٹیمیں پاکستان آ رہی ہیں جو کہ پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی بہترین حکمت عملی اور امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث ہی ممکن ہواہے، عثمان انور نے کہا کہ ہم یوتھ کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کریں گے تاکہ وہ اپنی صلاحتیں مثبت کاموں میں صرف کرکے پاکستان کے کارآمد شہری بن سکیں۔

وقت اشاعت : 23/06/2014 - 19:40:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :