شعیب اختر نے عبدالرزاق کو پاکستان کا بہترین آل راؤنڈر قرار دیدیا

عبدالرزاق 2009ء کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے رکن تھے، فائنل میں انہوں نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 جون 2021 15:54

شعیب اختر نے عبدالرزاق کو پاکستان کا بہترین آل راؤنڈر قرار دیدیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 جون 2021ء ) سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے عبدالرزاق کو پاکستان کی تاریخ کا بہترین آل راؤنڈر قرار دے دیا۔ گزشتہ روز راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور 45 سالہ شعیب اختر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کے لیے سوال و جواب کا سیشن رکھا جس میں دُنیا بھر میں موجود سپیڈ سٹار کے مداحوں نے اُن سے مختلف سوالات کیے۔

سوال و جواب کے اس سیشن کے دوران ایک مداح نے شعیب اختر سے پوچھا کہ ’پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین آل راؤنڈر کون ہے؟‘۔ مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شعیب اختر نے سابق کرکٹر عبدالرزاق کی یادگار تصویر شیئر کردی۔ شعیب اختر نے عبدالرزاق کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’عبدالرزاق پاکستان کی تاریخ کے بہترین آل راؤنڈر ہیں‘۔

(جاری ہے)

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ
واضح رہے کہ 41 سالہ عبدالرزاق 2 دسمبر 1979ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 5 نومبر 1999ء کو برسبین میں آسٹریلیا کیخلاف کیا اور 2006ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ کھیلا ۔

عبدالرزاق نے ون ڈے کیریئر کا آغاز یکم نومبر 1996ء کو لاہور میں زمباوے کیخلاف کیا اورآخری ون ڈے میچ 18 نومبر 2011ء کو دبئی میں سری لنکا کیخلاف کھیلا۔ عبدالرزاق نے 46 ٹیسٹ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ 1946 رنز بنائے، 265 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں ان کے رنز کی تعداد 5080 رہی اور 269 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے اور انہوں نے متعدد بار عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستانی ٹیم کو فتوحات دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ 2009ء کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے بھی رکن تھے اور فائنل میں انہوں نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
وقت اشاعت : 10/06/2021 - 15:54:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :