پی ایس ایل 6 کوالیفائر، ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیدیا

صہیب مقصود کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 21 جون 2021 19:53

پی ایس ایل 6 کوالیفائر، ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیدیا
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ابوظبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اننگز کے دوسرے ہی اوور میں عاکف جاوید کی گیند پر کپتان محمد رضوان آؤٹ قرار دیے گئے۔

شان مسعود کا ساتھ دینے صہیب مقصود آئے جنہوں نے آتے ہیں جارحانہ انداز اپنایا اور اوپننگ بلے باز کے ساتھ مل کر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔ دونوں کھلاڑیوں نے 53 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس شراکت کے مزید طول پکڑنے سے قبل شاداب خان نے 25 رنز بنانے والے شان مسعود کا کام تمام کردیا اور پھر ایک گیند بعد آؤٹ آف فارم رائلی روسو کو بھی چلتا کردیا۔

(جاری ہے)

جانسن چارلس اور صیہب مقصود نے مشکل مرحلے پر 63 رنز کی شراکت قائم کی ، ویسٹ انڈین بلے باز 41 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ صہیب مقصود نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی لیکن فہیم اشرف نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ صہیب کے آؤٹ ہونے کے بعد سلطانز کی بڑے مجموعے تک رسائی کی امیدیں دم توڑتی نظر آ رہی تھیں لیکن خوشدل شاہ نے ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگا کر یونائیٹڈ کے اوسان خطا کردیے ، اننگز کے آخری اوور میں محمد وسیم نے بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 6 چھ رنز دیے۔

ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے، خوشدل 42 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ اس سے قبل میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں تبدیلیاں کی گئیں اور فائنل الیون میں اہم کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ آج کے میچ کی فاتح ٹیم ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی جبکہ ناکام ٹیم کے پاس فائنل تک رسائی کا ایک اور موقع ہو گا۔

میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم شاداب خاب(کپتان)، عثمان خواجہ، کولن منرو، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، محمد اخلاق، حسن علی، محمد وسیم، فہیم اشرف، عاکف جاوید پر مشتمل ہے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان(کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، بلیسنگ مزربانی، شاہنواز دھانی، عمران طاہر، عمران خان شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 21/06/2021 - 19:53:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :