ملتان سلطانز کے بائولنگ کوچ اظہر محمود کی اہلیہ کا دلچسپ شکوہ

کبھی مجھے بھی ایسے دیکھ لیا کریں: ایبا قریشی کا ایک تصویر پر ردعمل،اگر ایبا قریشی بھی شاہنواز دھانی جیسی بائولنگ کروانے لگ جائیں تو میں انہیں بھی ایسی پیار بھری نظروں سے دیکھوں گا: سابق کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 25 جون 2021 11:52

ملتان سلطانز کے بائولنگ کوچ اظہر محمود کی اہلیہ کا دلچسپ شکوہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 جون 2021ء ) سابق قومی کرکٹر اور پی ایس ایل 6 کی فاتح ٹیم ملتان سلطانز کے بائولنگ کوچ اظہر محمود اور اہلیہ ایبا قریشی کی دلچسپ گفتگو شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ میچ کے دوران اظہر محمود بولر شاہنواز دھانی کے ہمراہ کیمرے میں آئے، اس وقت 45 سالہ اظہر محمود نوجوان فاسٹ بائولر کو بڑی پیار بھری نگاہوں سے دیکھ رہے تھے۔

اس موقع کو کیمرے نے اپنی آنکھوں میں قید کیا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی اس پر میمز بنانے لگے۔ ایک صارف نے اظہر محمود اور شاہنواز دھانی کو ٹیگ کرتے ہوئے اس خوشگوار لمحے کی ایک جھلک شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کسی ایسے شخص کو اپنی زندگی میں تلاش کریں جوآپ کو بالکل ایسے دیکھے اس تصویر میں جیسے اظہر محمود شاہنواز دھانی کو دیکھ رہے ہیں‘۔

(جاری ہے)

تصویر کے منفرد کیپشن پر اظہر محمود اور ان کی اہلیہ ایبا قریشی بھی ردعمل دیے بغیر نہ رہ سکیں۔ ایبا قریشی نے اس ٹویٹ پر وقتی ناراضگی کا اظہار کیا اور شکوہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کبھی مجھے بھی ایسے دیکھ لیا کریں‘۔
سابق کرکٹر نے اس ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر ایبا قریشی ایسی بائولنگ کروانے لگ جاتی ہیں تو میں بھی انہیں بالکل ایسے ہی پیار بھری نظروں سے دیکھوں گا‘۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
وقت اشاعت : 25/06/2021 - 11:52:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :