ایجبسٹن میں پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان شیڈول ون ڈے میں تماشائیوں کو داخلے کی اجازت مل گئی

دونوں ٹیموں کے درمیان 13 جولائی کو ہونے والے میچ میں 19 ہزار شائقین سٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 29 جون 2021 11:13

ایجبسٹن میں پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان شیڈول ون ڈے میں تماشائیوں کو داخلے کی اجازت مل گئی
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 جون 2021ء ) ایجبسٹن میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے ایک روزہ میچ میں تماشائیوں کو داخلے کی اجازت مل گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے لئے انگلینڈ میں موجود ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 13 جولائی کو ہونیوالے میچ میں 19 ہزار شائقین سٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گے ،11 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کا سٹیڈیم میں داخلہ منفی کوویڈ ٹیسٹ سے مشروط کردیا گیا ہے، سٹیڈیم میں موجود شائقین پر سماجی فاصلے کی پابندی نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے شہر ڈربی میں ٹریننگ سیشن کا آغاز کردیا۔ بارش کے باعث قومی کرکٹ سکواڈ نے انڈور نیٹ سیشن میں حصہ لیا ۔ ڈربی میں قومی کھلاڑیوں نے ٹریننگ کے پہلے روز مختلف گروپس میں نیٹ پریکٹس کی جس میں چار مختلف گروپس میں بیٹنگ، باؤلنگ، فیلڈنگ اور فزیکل ٹریننگ کی گئی ۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ون ڈے میچ 8 جولائی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا ۔

جبکہ دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان اور انگلینڈ ٹیمیں 10 جولائی کو لارڈز کے میدان میں مد مقابل ہوں گی۔تین ون ڈے میچوں کی سیریز پر مشتمل آخری میچ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 13 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 16 جولائی سے نوٹنگھم میں کھیلے جانے والے پہلے میچ سے ہوگا۔ تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کا دوسرا میچ دونوں ٹیموں کے مابین 18 جولائی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا ۔پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 20 جولائی کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں مانچسٹر کے تاریخی گراؤنڈ اولڈ ٹریفورڈ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
وقت اشاعت : 29/06/2021 - 11:13:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :