جاوید میاںداد، فواد عالم نے بھی بڑھتی مہنگائی کیخلاف آواز بلند کردی

اس دور میں غریب کا جینا مشکل سے مشکل تر ہوتا چلا جا رہا ہے:سابق کپتان،غیر ملکی اشیاء کی خریداری کی حوصلہ شکنی سے قیمتی زرمبادلہ بچاکر مہنگائی کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے:ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 30 جون 2021 16:20

جاوید میاںداد، فواد عالم نے بھی بڑھتی مہنگائی کیخلاف آواز بلند کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جون 2021ء ) بڑھتی مہنگائی نے معاشرتی مسائل میں اضافہ کردیا ہے، مسلسل بڑھتی مہنگائی سے عوام بری طرح نالاں اور سخت پریشان ہیں، کھلاڑی بھی معاشرے کا حصہ ہونے کے ناطے مہنگائی کے عذاب سے دوچار ہیں۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے گرتے ہوئے معیار کا ایک اہم سبب مہنگائی بھی ہے، عام اشیا کی طرح کھیلوں کے استعمال کا سامان بھی مہنگا ہونے کے سبب عام کھلاڑی کی دسترس سے باہر ہوتا جارہا ہے۔

اپنے دور کے معروف بیٹسمین اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے 64 سالہ سابق کپتان جاوید میاںداد کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں مہنگائی نے ہر فرد کو پریشان کرکے رکھ دیا، اس دور میں غریب کا جینا مشکل سے مشکل تر ہوتا چلا جا رہا ہے، مسلسل مہنگائی کی وجہ سے معاشی مسائل پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کی ذہنی و جسمانی صحت بھی متاثر ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

35 سالہ ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم بھی مہنگائی سے نالاں نظر آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے سیلاب کو روکنے کے لیے حکومت کو ٹھوس بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، بڑھتی ہوئی گرانی نے عام عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، مہنگائی کے تدارک کیلئے قومی مصنوعات کی تیاری میں معیار کو بلند کیا جائے، غیر ملکی اشیا کی خریداری کی حوصلہ شکنی سے قیمتی زرمبادلہ بچاکر مہنگائی کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائدگی کا حق پانے والی قومی ویمن بیڈمنٹن چیمپئن ماہ حور شہزاد بھی مہنگائی سے پریشان نظر آئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ قیمتوں کے بڑھنے سے مہنگائی نے عام شہری کا جینا محال کردیا، مہنگائی کی وجہ سے گھریلو خواتین بری طرح پریشان ہیں اور گھر کا چولہا جلانا محال ہوگیا ہے، اشیائے خورد نوش کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں۔
وقت اشاعت : 30/06/2021 - 16:20:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :