کورونا ، ٹوکیواولمپکس تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ

کیسز میں اضافے کے باعث کسی بھی وقت دارالحکومت ٹوکیو میں ایک بار پھر ایمرجنسی نافذ کی جاسکتی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 9 جولائی 2021 14:23

کورونا ، ٹوکیواولمپکس تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ
ٹوکیو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جولائی 2021ء ) جاپان میں کورونا وائرس کیسز میں اضافے کے سبب اولمپکس مقابلے بغیر تماشائیوں کے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جاپانی میڈیا ذرائع کے مطابق 26 جولائی سے شروع ہونیوالے اولمپکس مقابلوں میں تماشائی نہیں ہوں گے ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث کسی بھی وقت جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک بار پھر ایمرجنسی نافذ کی جاسکتی ہے ۔

کورونا ایمرجنسی اولمپک کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ دوسری جانب پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے ٹوکیو اولمپکس کے لیے پاکستان کے 22 رکنی دستے کو حتمی شکل دیدی ہے جس میں 10 ایتھلیٹس اور 12 آفیشلز شامل ہیں، ان میں تین خواتین پلیئرز بھی ہیں۔ بریگیڈئیر ظہیر اختر بطور شیف ڈی مشن دستے میں شامل ہیں، جبکہ دستے میں دو کوویڈ لائژن آفیسرز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

محمد ناصر اعجاز تونگ کو بطور ایڈمین آفیسر کنٹنجنٹ آفیشلز میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس 6 مختلف کھیلوں کے 9 ایونٹس میں شریک ہوں گے۔ ایتھلیٹکس میں ارشد ندیم اور نجمہ پروین، بیڈمنٹن میں ماحور شہزاد، جوڈو میں شاہ حسین شاہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ گلفام جوزف، خلیل اختر اور غلام مصطفیٰ بشیر پر مشتمل تین رکنی شوٹنگ ٹیم دو مختلف ایونٹس میں حصہ لے گی۔

اس کے علاوہ بسمہ خان اور حسیب طارق سوئمنگ، طلحہ طالب ویٹ لفٹنگ میں ملک کی نمائندگی کریںگے۔ دستے میں شامل جوڈو کے کھلاڑی شاہ حسین شاہ جاپان میں مقیم ہیں وہ براہِ راست اولمپک ولیج جوائن کریں گے۔ دیگر کھلاڑیوں کی روانگی کا سلسلہ 16 جولائی سے شروع ہوگا، بیڈمنٹن، شوٹنگ اور سوئنگ کے پلیئرز 16 جولائی کو، ایتھلیٹکس کے کھلاڑی 22 جولائی کو جبکہ ویٹ لیفٹنگ کے پلیئر اور آفیشل 21 جولائی کو ٹوکیو روانہ ہوںگے۔

حیران کن طور پر 2 سپورٹس فیڈریشنز کے اعلیٰ عہدیداران کو بطور "پلیئر سپورٹ پرسنل" یعنی کوچ یا ٹرینر کے طور پر اپنے متعلقہ کھیل میں نمائندگی کرنیوالے کھلاڑیوں کے ساتھ ٹوکیو بھیجا جارہا ہے۔ ان میں بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکریٹری واجد علی چوہدری اور ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے صدر حافظ عمران بٹ شامل ہیں۔ دوسری جانب پی او اے کے سیکریٹری خالد محمود نے شوٹنگ ٹیم، ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو میڈل کی امید قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شوٹرز اور جویلین تھرو کے ارشد ندیم نے براہِ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا اور ان کی تیاریاں کافی اچھی ہیں، ان کے ساتھ ساتھ انوی ٹیشنل پلیس پر جگہ پانے والے طلحہ طالب بھی میڈل حاصل کرسکتے ہیں۔ خالد محمود کے مطابق اولمپکس میں کھلاڑیوں کے ہر روز کوویڈ ٹیسٹ ہوں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹوکیو میں کورونا کے 920 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جو گزشتہ 2 ماہ میں سب سے زیادہ تھے ۔
وقت اشاعت : 09/07/2021 - 14:23:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :