پاکستان کیخلاف میچ کی ذمہ داری ویرات کوہلی اور روہت شرما پر عائد ہوگی: گوتم گمبھیر

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کیخلاف میچ بہت خاص ہوگا جس میں کوہلی اور شرما کو میچ کا بوجھ اٹھانا ہوگا : بے جے پی رہنما و سابق کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 19 جولائی 2021 16:35

پاکستان کیخلاف میچ کی ذمہ داری ویرات کوہلی اور روہت شرما پر عائد ہوگی: گوتم گمبھیر
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جولائی 2021ء ) سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا میچ ہونے پر ساری ذمہ داری کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈکپ 2019ء کی طرح اب بھی ان ہی دونوں کی پرفارمنس اہم ہوگی۔ ایک انٹرویو میں گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ یو اے ای میں کھیلے جارہے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف میچ بہت خاص ہوگا، پریشر اور جوش و جذبے سے بھرپور اس میچ میں سینئر کھلاڑیوں پر ذمہ داری عائد ہوگی کہ وہ آگے بڑھ کر پرفارم کریں، اس اہم میچ میں میرے نزدیک ویرات کوہلی اور روہت شرما کو بھارت کی امیدوں کا سارا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھانا ہوگا۔

بھارت لوک سبھا کے رکن اور سابق کرکٹر ںے کہا کہ نوجوان کرکٹرز باصلاحیت ضرور ہیں لیکن ایسے میچز میں ان پر دباؤ بہت زیادہ ہوتا ہے، اگر سینئرز کی کارکردگی بہتر ہوگی تو انہیں بھی اعتماد ملے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری معرکہ ورلڈکپ 2019ء میں اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں ہوا تھا۔ اس مقابلے میں روہت شرما نے 140 جبکہ کوہلی نے 77 رنز بنائے تھے اور بھارتی ٹیم 89 رنز سے فاتح رہی تھی۔ اس بار آئی سی سی کے جاری کردہ گروپس میں پاکستان اور بھارت کو گروپ ٹو میں ایک ساتھ رکھا گیا ہے۔                                                                                              
وقت اشاعت : 19/07/2021 - 16:35:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :