نئی ٹیسٹ رینکنگ، ویرات کوہلی ٹاپ 5 بلے بازوں کی فہرست سے باہر

جو روٹ نے کین ولیمسن سے پہلی پوزیشن چھین لی، جیمز اینڈرسن کی بھی ٹاپ فائیو میں واپسی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 ستمبر 2021 13:55

نئی ٹیسٹ رینکنگ، ویرات کوہلی ٹاپ 5 بلے بازوں کی فہرست سے باہر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم ستمبر 2021ء ) برطانوی کپتان جو روٹ کی شاندار فارم نے انہیں 6 سال بعد نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن واپس دلا دی ہے ۔30 سالہ جو روٹ نے سیریز کا آغاز 5ویں پوزیشن پر کیا تھا لیکن 3 ٹیسٹ میچوں میں ان کے 507 رنز نے انہیں ویرات کوہلی ، مارنس لبسشین ، سٹیو سمتھ اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو پیچھے چھوڑنے میں مدد دی ، وہ اب 916 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود کین ولیمسن سے 15 ریٹنگ پوائنٹس آگے ہیں ۔

جو روٹ اس سے قبل دسمبر 2015ء میں پہلی پوزیشن پر قابض ہوئے تھے جس کے بعد کین ولیمسن نے انہیں پیچھے چھوڑا اور کوہلی اور سمتھ بھی ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے، آخری بار ان چاروں کے علاوہ نومبر 2015ء میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز پہلے نمبر پر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

روٹ اب اپنے کیریئر کے بہترین 917 ریٹنگ پوائنٹس سے صرف ایک پوائنٹ نیچے ہیں جو انہوں نے اگست 2015ء میں ناٹنگھم میں آسٹریلیا کے خلاف 130 رنز کی اننگ کے بعد حاصل کیے تھے۔

صرف 4 دیگر انگلش بلے بازوں نے روٹ سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے ہیں جن میں لین ہٹن ، جیک ہوبز ، پیٹر مے اور ڈینس کامپٹن شامل ہیں ۔ نئی رینکنگ میں ترقی پانے والے دیگر برطانوی بلے بازوں میں اوپنر روری برنس (29 ویں سے 24 ویں پوزیشن) اور جونی بیئرسٹو (72 ویں سے 70 ویں پوزیشن ) شامل ہیں جبکہ ڈیوڈ ملان نے 70 رنز سکور کرنے کے بعد 88 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنے ملک کے سب سے بہترین پوزیشن پر موجود بلے باز بن گئے ۔ 19 اور 59 کے سکور نے انہیں چھٹی سے کیریئر کی بہترین 5ویں پوزیشن پر پہنچا دیا ، ان کے 773 پوائنٹس کوہلی سے 7 پوائنٹس زیادہ ہیں ۔ آخری بار کوہلی کے سے بہتر رینکنگ حاصل کرنے والا بھارتی بلے باز چتیشور پجارا تھا جنہوں نے نومبر 2017ء میں دوسری پوزیشن سنبھالی اور کوہلی 5ویں نمبر پر تھے۔

چتیشور پجارا نے 91 رنز کی اننگز کے بعد 3 درجے ترقی کر کے 15 ویں پوزیشن حاصل کی ہے اور وہ ٹاپ 20 میں موجود 4 بھارتی بلے بازوں میں سے ایک ہیں، رشبھ پنت 4 درجے تنزلی کے باوجود 12 ویں نمبر پر ہیں۔ جسپریت بمراہ 10 ویں سے 9ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ انگلینڈ کے لیے جیمز اینڈرسن میچ میں 4 وکٹیں لیکر ٹاپ فائیو میں واپس آئے ہیں جبکہ پلیئر آف دی میچ اولی رابنسن نے 7 وکٹیں حاصل کرکے 9 درجے ترقی کرکے 36 ویں پوزیشن حاصل کی ۔ کریگ اوورٹن نے ہر اننگز میں تین وکٹوں کے ساتھ 73 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
وقت اشاعت : 01/09/2021 - 13:55:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :