افغانستان ہوم گراؤنڈز پر پاکستان کی میزبانی کے خواب دیکھنے لگا

رمیز راجہ سے میٹنگ میں پاکستانی ٹیم کی افغانستان میں میزبانی کی پیشکش کروں گا: چیئرمین عزیزاللہ فضلی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 23 ستمبر 2021 11:16

افغانستان ہوم گراؤنڈز پر پاکستان کی میزبانی کے خواب دیکھنے لگا
کابل (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 ستمبر 2021ء ) افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کی میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عزیز اللہ فاضلی نے کہا کہ وہ رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کی میزبانی کی پیشکش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا خطے میں کرکٹ کے حوالے سے اہم ممالک کے دورے کا بھی ارادہ ہے۔ افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وہ 25 ستمبر سے پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ بھارت، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات جائیں گے جہاں وہ کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کریں گے جس میں ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کی میزبانی کی پیشکش کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان یہ سیریز ستمبر میں سری لنکا میں کھیلی جانی تھی جس کا میزبان افغانستان تھا۔

(جاری ہے)

افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ ہم افغانستان میں مستحکم کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں جو دیگر ممالک کے تعاون سے ممکن ہے۔ عزیز اللہ فاضلی نے خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے سے متعلق سوال پر واضح جواب دینے سے گریز کیا۔ دوسری جانب اے ایف پی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے بھی عزیز اللہ فاضلی کے دورے کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ سری لنکا مں کورونا وبا اور لاجسٹک مسائل کی بنا پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان ستمبر میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز منسوخ کردی گئی تھی، دونوں ممالک کے درمیان یہ سیریز 2023ء ورلڈکپ میں کوالیفائی کے لیے ون ڈے لیگ کا حصہ تھی۔
وقت اشاعت : 23/09/2021 - 11:16:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :