ورلڈ کبڈی لیگ، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز دوسرے مرحلے میں شرکت کیلئے بھارت روانہ ہوگئی،ڈائریکٹر سپورٹس جلیل احمد چوہان اور میڈیا منیجر عبدالرؤف روفی نے ٹیم کو روانہ کیا، تیاری مکمل ہیں ، انشاء اللہ کامیاب لوٹیں گے، بابر وسیم،لاہور لائنز کی ٹیم اپنا پہلا میچ 24اگست کو پنجاب تھنڈر ،30اگست کو اکشے کمار کی ٹیم خالصہ واریئرز کیخلاف کھیلے گی،7ستمبر کو دوبارہ پنجاب تھنڈر سے میچ ہوگا

ہفتہ 23 اگست 2014 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اگست۔2014ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کی کبڈی ٹیم لاہور لائنز ورلڈ کبڈی لیگ کے دوسرے مرحلے میں شرکت کیلئے ہفتہ کی شام واہگہ کے راستے بھارت روانہ ہوگئی، لاہور لائنز کے کپتان بابر وسیم گجر ہونگے جبکہ کھلاڑیوں میں عبیداللہ، اکمل شہزاد، شفیق احمد، محمد رمضان، محمد خالد، ارشد محمود، محسن نصیر، محمد وقاص رحیم، نعیم طاہر، محمد اسلم، مطلوب علی، سیف اللہ اور محمد نعیم شامل ہیں، محمد وقاص اکبر ٹیم کے مینجر، غلام عباس بٹ کوچ اور محمد دین اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔

شبر حیسن بٹ، رحمٰن اشتیاق اور خلیل احمد ریزور کھلاڑی ہیں۔ڈائریکٹر سپورٹس جلیل احمد چوہان اور لاہور لائنز کے میڈیا مینجر عبدالرؤف روفی نے ٹیم کو سپورٹس بورڈ پنجاب کے دفتر سے رخصت کیا، لاہور لائنز 24 اگست کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی انڈور سٹیڈیم میں اپنا پہلا میچ پنجاب تھنڈر کیخلاف کھیلے گی، دوسرا میچ 30اگست کو بھارتی اداکار اکشے کمار کی ٹیم خالصہ واریئرز کیخلاف اسی مقام پر کھیلے گی جبکہ تیسرا میچ لدھیانہ میں 7ستمبر کو ہوگا جس میں لاہور لائنز کا سامنا ایک بار پھر پنجاب تھنڈر سے ہوگا۔

(جاری ہے)

ٹیم کی رخصتی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر سپورٹس جلیل احمد چوہان نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز لیگ کی بہترین ٹیم ہے اور ہمیں امید ہے کہ جس طرح لاہور لائنز نے برطانیہ میں اپنے دونوں میچ جیت کر پاکستان کا پرچم بلند کیا اسی طرح بھارت میں بھی پاکستانی پرچم کو کامیابی سے بلند کریگی، لاہور لائنز کے کپتان بابر وسیم گجر نے کہا کہ ہماری تیاری بہت اچھی ہے اور انشاء اللہ بھارت میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑیں گے اور فتح یاب ہوکر لوٹیں گے، انہوں نے کہا کہ خوشی اس بات کی ہے کہ اب دنیا میں کبڈی کا کھیل بھی تیزی سے مقبول ہورہا ہے جس سے نئے کھلاڑی پیدا ہونے میں مدد ملے گی۔

لاہور لائنز کے میڈیا مینجر عبدالرؤف روفی نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کھلاڑیوں کو تیاری کیلئے ہر طرح کی سہولت فراہم کی ہے،ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی کاوشوں سے کبڈی آج پاکستان کا مقبول ترین کھیل بن گیا ہے،سپورٹس کے فروغ کیلئے ان کی کوششیں قابل تحسین ہیں، لڑکے فل فارم میں ہیں اور انشاء اللہ ہماری ٹیم بھارت میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریگی، بھارت میں کامیابی ہماری منتظر ہے۔

وقت اشاعت : 23/08/2014 - 20:36:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :