ورلڈ کبڈی لیگ، لاہور لائنز اور یویو ٹائیگرز کے درمیان میچ اتوار کو ہوگا، سپورٹس بورڈ کی ٹیم بھارت پہنچ گئی،

پہلا میچ لدھیانہ میں بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہاکی ٹیم یونائیٹڈ سنگھز اور امریکہ کی رائلز کنگز کے درمیان ہوگا، دوسرا مقابلہ لاہور لائنز اور یویو ٹائیگرز کے مابین ہوگا، تمام خامیوں پر قابو پا لیا ہے انشاء اللہ ٹیم کامیابی کے ساتھ وطن واپس لوٹے گی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 6 ستمبر 2014 19:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6ستمبر 2014ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کی کبڈی ٹیم لاہور لائنز ورلڈ کبڈی لیگ کے تیسرے مرحلے میں شرکت کیلئے ہفتہ کے روز واہگہ بارڈر کے راستے بھارت پہنچ گئی، ٹیم 7ستمبر بروز اتوارکو لدھیانہ میں گلوکار یویو ہنی سنگھ کی ٹیم یویو ٹائیگرز کیخلاف میچ کھیلے گی،لاہور لائنز کی ٹیم کو سپورٹس بورڈ پنجاب کے آفیشلز نے واہگہ بارڈر سے رخصت کیا۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے پاکستان میں قیام کے دوران سخت ٹریننگ کی ہے اس دوران ان کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، ہم نے تمام خامیوں پر قابو پا لیا ہے انشاء اللہ اگلے مرحلے میں ہونیوالے میچوں میں لاہور لائنز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ واپس وطن لوٹے گی، انہوں نے کہا کہ کبڈی کے کھیل میں ریڈر اور سٹاپر کا کردار نمایاں اہمیت کا حامل ہوتا ہے ہمارے کوچز نے دونوں شعبوں پر خصوصی توجہ دی ہے، کھلاڑیوں کو یہ تربیت دی گئی ہے کہ کس طرح ریڈ اور سٹاپ کرکے پوائنٹس حاصل کئے جاسکتے ہیں، ہمارے کھلاڑی پرعزم ہیں، پوری قوم کو ان سے امیدیں وابستہ ہیں اور قوم کی دعاؤں سے وہ کامیابی حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

لاہور لائنز کے مینجر وقاص اکبر نے اس موقع پر بتایا کہ ہمارے کھلاڑی بھارت کی سرزمین پر مخالفین کیخلاف شاندار کارکردگی مظاہرہ کرنے کیلئے بے تاب ہیں، انہوں نے کہا کہ لیگ میں بہترین ٹیموں کیخلاف کامیابی اس وقت تک حاصل نہیں ہوسکتی جب تک بھرپور ٹریننگ اور حکمت عملی نہ بنائی جائے، اسی لئے ہم نے کھلاڑیوں کی تربیت کے دوران ان تمام امور پر بھرپور توجہ دی ہے۔ورلڈ کبڈی لیگ میں کل 7ستمبر بروز اتوار کو بھارت کے شہر لدھیانہ میں پہلا میچ بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا کی ٹیم یونائیٹڈ سنگھز اور امریکہ کی رائلز کنگز کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا میچ لاہور لائنز اور یویو ٹائیگرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 06/09/2014 - 19:43:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :