اس میں صداقت نہیں کہ اہم فیصلے نجم سیٹھی پس پردہ رہ کر کررہے ہیِں، چیرمین پی سی بی ،

ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اوربھارت کے تعلقات کا اثر کرکٹ پر بھی پڑا، شہریار خان کا انٹرویو

پیر 8 ستمبر 2014 20:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 ستمبر۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف شکست کے بعد بطورمصباح الحق کو کوئی وارننگ نہیں دی گئی اوراگر آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو ایسی خبروں میں صداقت نہیں کہ انہیں قیادت سے ہٹادیا جائے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ وہ بورڈ کے بااختیار سربراہ ہیں۔

اس تاثر میں کوئی صداقت نہیں کہ تمام اہم فیصلے نجم سیٹھی پس پردہ رہ کر کررہے ہیں۔ میچ فکسنگ کے سلسلے میں جسٹس قیوم رپورٹ کی روشنی میں انضمام الحق اور وقار یونس پر جرمانے ہوئے تھے جس کے بعد انہیں کپتان اور کوچ بھی بنایا گیا اس لئے مشتاق احمد کی بحیثیت بالنگ کنسلٹنٹ تقرری پر بھی کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

شہریار خان نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل مصباح الحق زبردست بیٹنگ فارم میں تھے تاہم صرف ایک سیریز کی خراب فارم کو بنیاد بنا کر انہیں کپتانی سے ہٹا دینا زیادتی ہوگی، بحیثیت چیرمین وہ ٹیم میں استحکام اور تسلسل پر یقین رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق سے ملاقات میں بھی انہوں نے اس بات کا اظہار کردیا تھا کہ وہ انہیں کپتان دیکھنا چاہتے ہیں اور انہیں توقع ہے کہ اگر یہ معاملہ ایگزیکٹیو کمیٹی میں گیا تو وہ بھی ان کی رائے سے اتفاق کریں گے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ 2008 سے قبل بھارتی عوام قومی کھلاڑیوں سے بڑی محبت کیا کرتے تھے تاہم ممبئی حملوں کے بعد صورت حال تبدیل ہوئی ہے اور عوام کے اشتعال کو مد نظر رکھتے ہوئے آئی پی ایل میں پاکستان کے کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا جاتا۔

وقت اشاعت : 08/09/2014 - 20:06:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :