ٹیسٹ رینکنگ، شاہین آفریدی ٹاپ 3 بائولرز کی فہرست سے باہر

کیوی گیند باز کائل جیمیسن نے پاکستانی پیسر سے تیسری پوزیشن چھینی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 جنوری 2022 13:31

ٹیسٹ رینکنگ، شاہین آفریدی ٹاپ 3 بائولرز کی فہرست سے باہر
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جنوری 2022ء ) نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز کائل جیمیسن نے بنگلہ دیش کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد نئی ٹیسٹ رینکنگ میں 8 درجے ترقی کے بعد کیریئر کی بہترین تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے ،پاکستان کے شاہین آفریدی ایک درجے تنزلی کے بعد اب چوتھی پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ کرائسٹ چرچ میں دوسرے ٹیسٹ میں6 وکٹوں سمیت مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کرنے والے 27 سالہ کھلاڑی رچرڈ ہیڈلی (نومبر 1985ء میں 909)، نیل ویگنر ( دسمبر 2019ء میں 859پوائنٹس)، ٹم ساؤتھی (نومبر 2021ء میں 839) اور ٹرینٹ بولٹ (مئی 2015 میں 825) کے بعد 825 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے نیوزی لینڈ کے صرف 5ویں بولر ہیں۔

بائیں ہاتھ کے سیم باؤلر ٹرینٹ بولٹ نے بھی سیریز میں 9 وکٹوں کے ساتھ 3 درجے ترقی کرکے 12 ویں نمبر پر قبضہ جما لیا۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کے بلے بازوں میں ٹام لیتھم سیریز میں 267 رنز بنانے کے بعد دو درجے ترقی کر کے 11 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ ڈیون کونوے کے 2 سنچریوں کی مدد سے 244 رنز نے انہیں صرف 5 ٹیسٹ کے بعد 18 درجے ترقی دے کر 29 ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے۔

راس ٹیلر نے دسمبر 2013ء میں کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن اور 871 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر کے 28ویں نمبر پر ٹیسٹ کرکٹ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔ بنگلہ دیش کے لٹن داس 196 رنز کے ساتھ کیریئر کی بہترین 15 ویں پوزیشن پر ہیں جبکہ مومن الحق 8 درجے ترقی کرکے 37 ویں نمبر اور نجم الحسین 21 درجے ترقی کر کے 87 ویں نمبر پر پہنچے ہیں۔ فاسٹ باؤلر عبادت حسین سیریز میں 9 وکٹوں کے ساتھ 17 درجے ترقی کر کے 88 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

سڈنی میں ڈرا ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میچ کے بہترین کھلاڑی عثمان خواجہ 137 اور 101 ناٹ آؤٹ کے سکور سے 26 ویں پوزیشن پرپہنچ گئے ہیں۔ سٹیو سمتھ بلے بازوں میں کین ولیمسن کو پیچھے چھوڑ کر تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جب کہ سکاٹ بولینڈ 24 درجے ترقی کرکے بولرز میں 49ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ کیمرون گرین بلے بازوں میں 11 درجے ترقی کر کے 89 ویں اور گیند بازوں میں 10 درجے ترقی کر کے 75 ویں نمبر پر آ گئے۔

انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین سٹوکس 66 اور 60 کے سکور کے ساتھ بلے بازوں میں 9 درجے ترقی کرکے 18 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ جونی بیرسٹو کی 113 اور 41 کی اننگز نے انہیں 16 درجے ترقی دیکر 55 ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے۔ سٹورٹ براڈ دو درجے ترقی کرکے 14 ویں اور مارک ووڈ 41 ویں سے 38 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ جنوبی افریقی کپتان ڈین ایلگر کی جوہانسبرگ میں ناٹ آؤٹ 96 رنز کی میچ وننگ باری نے انہیں جنوری 2019ء کے بعد پہلی بار ٹاپ 10 میں واپس دھکیل دیا ہے۔

ان کے ہم وطن ٹیمبا باوما اپنی پہلی اننگز کی نصف سنچری کے بعد چار درجے ترقی پاکر 35ویں نمبر پر پہنچے ہیں ۔ فاسٹ باؤلر ڈوئین اولیور باؤلرز کی فہرست میں 22 ویں نمبر پر دوبارہ داخل ہو گئے ہیں اور لونگی نگیڈی 3 درجے ترقی پاکر27 ویں نمبر اور مارکو جانسن 43 درجے ترقی کر کے 54 ویں نمبر پرپہنچے ہیں۔ہندوستان کے لیے شاردول ٹھاکر آٹھ وکٹوں کے ساتھ 10 درجے ترقی کر کے 42 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جس میں پہلی اننگز میں سات وکٹیں شامل تھیں۔
وقت اشاعت : 12/01/2022 - 13:31:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :