وہاب ریاض، کامران اکمل، صہیب مقصود سمیت 13 کرکٹرز واپڈا کی ملازمت سے فارغ

کرکٹرز سپیشل کننٹریکٹ پر پاکستان واپڈا سپورٹس بورڈ میں ملازم تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 جنوری 2022 12:14

وہاب ریاض، کامران اکمل، صہیب مقصود سمیت 13 کرکٹرز واپڈا کی ملازمت سے فارغ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جنوری 2022ء ) محکمہ جاتی کرکٹ کے خاتمے کے ساتھ ہی کرکٹرز کے بے روز گار ہونے کا سلسلہ جاری ہے، واپڈا سپورٹس بورڈ کے حکمنامے کے بعد قومی کرکٹرز کو فارغ کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ واپڈا سپورٹس بورڈ نے گزشتہ ماہ دسمبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ریجنل کرکٹ کرانے کو جواز بناتے ہوئے کرکٹ ٹیمیں ختم کرنے کا حکمنامہ جاری کیا تھا اور اب اس حکمنامے کی روشنی میں قومی کرکٹرز کے کنٹریکٹ ختم کر کے انہیں فارغ کر دیا گیا ہے ۔

واپڈا نے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض، کامران اکمل سمیت 13 کرکٹرز کو ملازمت سے فارغ کردیا۔ تمام کھلاڑیوں کو واپڈا سپورٹس کے 13 دسمبر 2021ء کے فیصلے کی روشنی میں 25 جنوری کو نوکری سے فارغ کیا گیا ہے، جن کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ ختم ہونے کے لیٹر جاری کیے گئے ہیں، ان میں وہاب ریاض، کامران اکمل، سلمان بٹ، صہیب مقصود، ارشد اقبال اور صدف مہدی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کرکٹرز سپیشل کننٹریکٹ پر پاکستان واپڈا سپورٹس بورڈ میں ملازم تھے، ان کی تنخواہ اور مراعات ستمبر سے بند تھیں، ان کو جاری کردہ خطوط میں واضح کیا گیا ہے کہ 3 سالہ کنٹریکٹ پورا ہونے پر مزید ان کی خدمات درکار نہیں۔ دوسری جانب محمد آصف، زاہد منصور، سہراب خان، شاہد طارق اور مہندر پال سنگھ کے معاہدے بھی ختم کر دیئے گئے ہیں۔ خصوصی وظیفہ حاصل کرنے والے جہانزیب عبداللہ کا بھی وظیفہ روک دیا گیا۔ مستقل ملازم علی رفیق کو فوری طور پر ڈیوٹی جوائن کرنے کا کہا ہے۔
وقت اشاعت : 27/01/2022 - 12:14:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :