نئی ون ڈے رینکنگ ، امام الحق ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل

بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار، فخر زمان تنزلی کے بعد 12 ویں پوزیشن پر چلے گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 30 مارچ 2022 14:27

نئی ون ڈے رینکنگ ، امام الحق ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 مارچ 2022ء ) پاکستان کے اوپننگ بلے باز امام الحق آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں سنچری بنانے کے بعد ون ڈے کے ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ امام الحق نے 96 گیندوں پر 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن وہ پاکستان کو میچ جتوانے میں ناکام رہے کیونکہ آسٹریلیا نے پہلا ون ڈے 88 رنز سے جیت لیا۔ دریں اثناء ان کے ساتھی اوپننگ بلے باز فخر زمان 2 درجے نیچے آ گئے ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف مایوس کن کارکردگی کے بعد اب وہ رینکنگ میں 12 ویں نمبر پر ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کو فتح سے ہمکنار نہ کرنے کے باوجود کپتان بابر اعظم نے پہلے ون ڈے میں نصف سنچری بنانے کے بعد رینکنگ میں اپنا پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ بابر اعظم اور دوسرے نمبر پر موجود ویرات کوہلی کے درمیان 61 پوائنٹس کا فرق ہے اور بابر اعظم اس فرق کو وسیع کرنے اور سیریز میں پاکستان کی واپسی میں مدد کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ پہلے ون ڈے میں 23 رنز کی مایوس کن اننگز کے بعد ایک درجے تنزلی کے بعد 7ویں نمبر پر آگئے۔ انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو اب ان سے آگے نکل گئے ہیں۔ آئی سی سی ون ڈے کے بلے بازوں کی تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق بابر اعظم 872 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ویرات کوہلی 811 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، روس ٹیلر 794 پوائنٹس کے ہمراہ تیسرے، روہت شرما 791 پوائنٹس لے کر چوتھے، کوئنٹن ڈی کاک 789 پوائنٹس کے ہمراہ پانچویں، جونی بیئرسٹو 775 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، ایرون فنچ 771 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں ، راسی وین ڈر ڈسن 769 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں ، ڈیوڈ وارنر 758 پوائنٹس لے کر نویں اور امام الحق 746 پوائنٹس کے ساتھ دسویں پوزیشن پر ہیں ۔
وقت اشاعت : 30/03/2022 - 14:27:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :