بھارتی پنجاب: 1ماہ کے دوران کبڈی کے دوسرے کھلاڑی کا قتل

دھرمیندر سنگھ پنجابی یونیورسٹی پٹیالہ کے سامنے دو روایتی حریفوں کے درمیان صلح کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ انہیں گولی مار دی گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 7 اپریل 2022 12:33

بھارتی پنجاب: 1ماہ کے دوران کبڈی کے دوسرے کھلاڑی کا قتل
پٹیالہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 اپریل 2022ء ) بھارتی پنجاب میں ایک ماہ کے دوران کبڈی کے دوسرے کھلاڑی کو قتل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجابی یونیورسٹی پٹیالہ کے سامنے جھگڑے کے دوران کھلاڑی کو گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ دھرمیندر سنگھ نامی کبڈی کے کھلاڑی منگل کی رات دو روایتی حریفوں کے درمیان صلح کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ انہیں گولی مار دی گئی۔

دھرمیندر سنگھ سیاست میں کافی متحرک تھے، وہ حالیہ ریاستی انتخابات میں اپنی سابقہ جماعت چھوڑ کر اروند کیجریوال کی پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کےلیے ایک کبڈی پلیئر کی انتخابی مہم بھی چلائی تھی، پولیس نے لاش قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ پٹیالہ کے ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے عینی شاہدین سے پوچھ گچھ جاری ہے، قتل میں ملوث 4 افراد کی شناخت ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ قتل میں بدمعاشوں کے ملوث ہونے یا دشمنی پر قتل کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس سے قبل سندیپ سنگھ ننگال کو 14 مارچ کو قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ دوسرا بین الاقوامی کبڈی پلیئر ہے، جسے موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے سندیپ سنگھ کے قتل میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، کینیڈا میں مقیم بھارتی شہری کو بھی کیس مفرور قرار دیا ہے۔
وقت اشاعت : 07/04/2022 - 12:33:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :