کپتان بابر اعظم کی خواہش کے برعکس حارث سہیل ایک بار پھر نظر انداز

ون ڈے کرکٹ میں 47 کے قریب اوسط رکھنے والے 33 سالہ بلے باز اپنے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر حیران و پریشان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 مئی 2022 14:43

کپتان بابر اعظم کی خواہش کے برعکس حارث سہیل ایک بار پھر نظر انداز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مئی 2022ء ) کپتان بابر اعظم کی خواہش کے برعکس تجربہ کار بیٹر حارث سہیل کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا گیا۔ سلیکٹرز نے کپتان کی خواہش کے برعکس تجربہ کار لیفٹ ہینڈڈ بیٹر حارث سہیل کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے ٹیم کے مڈل آرڈر کو مضبوط بنانے کے خواہاں بابر اعظم نے حارث سہیل کی سلیکشن کا کہا تھا۔

ان کے مطابق بیٹر میں یہ خوبی ہے کہ وہ سلو اور سپن پچز پر زیادہ دیر قیام کر کے بڑی اننگز کھیل سکتے ہیں، ان کی سلو بولنگ سے ٹیم کو اضافی سہولت بھی ملتی ہے مگر حیران کن طورپر پی سی بی کی طرف سے کنڈیشننگ کیمپ کیلیے اعلان کردہ 60 کھلاڑیوں میں بھی حارث سہیل کو شامل نہیں کیا گیا، ون ڈے میں کرکٹ میں 47 کے قریب کی اوسط رکھنے والے 33 سالہ حارث سہیل اپنے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر حیران اور پریشان ہیں۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے بیٹر ابھی تک 16 ٹیسٹ، 42 ون ڈے اور 14 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، نیوزی لینڈ کیخلاف جنوری 2021ء میں آخری ٹیسٹ کے بعد انھیں ڈراپ کردیا گیا تھا، آخری ون ڈے میچ میں انھوں نے اکتوبر 2020ء میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 71 رنز بنائے تھے، سلیکٹرز اور بورڈ سربراہ کی یقین دہانی کے باوجود حارث کو انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک میچز میں بھی شرکت کا موقع نہیں دیا جا رہا۔ دوسری جانب ان کے قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ انجری مسائل سے چھٹکارا پانے کے بعد باقاعدگی سے پریکٹس کررہے ہیں، سلیکٹرز اور بورڈ حکام ہر بار رابطہ کرنے پر دلاسے دینے تک ہی محدود رہتے ہیں۔
وقت اشاعت : 16/05/2022 - 14:43:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :