کرکٹ آسٹریلیا کا کامن ویلتھ گیمز کے لئےویمن ورلڈ کپ سکواڈ برقرار رکھنے کا فیصلہ

جمعہ 20 مئی 2022 09:50

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے )نے کامن ویلتھ گیمز 2022کے لیے ورلڈ کپ سکواڈ کو برقرار رکھا ہے۔میگ لیننگ رواں سال برمنگھم میں شیڈول کامن ویلتھ گیمز میں ویمنز ٹی 20 ایونٹ کے افتتاحی ایڈیشن میں سکواڈ کی قیادت کریں گی۔رواں سال کے آغاز میں نیوزی لینڈ میں 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے ٹائٹل جیتنے والی آسٹریلوی ویمن ٹیم کو صرف اپنے ہیڈ کوچ میتھیو موٹ کی کمی محسوس ہوگی، جنہوں نے حال ہی میں انگلینڈ کے مردوں کے وائٹ بال کوچ کے طور پر عہدہ قبول کیا ہے ۔

شیلی نٹشکے گیمز میں خواتین کرکٹ ٹیم کی عبوری ہیڈ کوچ ہوں گی۔کامن ویلتھ گیمز کے لیے آسٹریلوی سکواڈ کی قیادت میگ لیننگ کریں گی اور راچیل ہینس ان کی نائب ہوں گی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈارسی براؤن، نکولا کیری، ایشلے گارڈنر، گریس ہیرس، الیسا ہیلی، جیس جوناسن، الانا کنگ، تہلیا میک گرا، بیتھ مونی، ایلیس پیری، میگن شٹ،اینابیل سدرلینڈ اور امانڈا جیڈ ویلنگٹن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جارجیا ویرہم اور سوفی مولینکس فٹنس مسائل کے باعث گیمز سے محروم رہیں گی۔میگ لیننگ نے کہا ہے کہ گیمز میں بیڈمنٹن، سکواش، لان باؤلز اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کے ساتھ وہاں شامل ہونا ہمارے کھلاڑیوں کے لیے ایک نیا نیا تجربہ ہو گا۔گیمز میں گروپ اے میں آسٹریلیا، پاکستان، بھارت اور بارباڈوس جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں، پولز سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔
وقت اشاعت : 20/05/2022 - 09:50:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :