پی سی بی ریجنل انڈر 19ون ڈے ٹورنامنٹ ، راولپنڈی ریمز نے کراچی زیبراز کو 84رنز سے شکست دے کر تاج اپنے سر سجا لیا

جمعرات 16 اکتوبر 2014 20:59

مریدکے(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اکتوبر 2014ء) راولپنڈی ریمز نے کراچی زیبراز کو 84رنز سے شکست دے کر پی سی بی ریجنل انڈر 19ون ڈے ٹورنامنٹ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔راولپنڈی ریمز کے اوپنر ذیشان ملک نے سینچری سکور کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے ساتھ ساتھ مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی حاصل کر لیا۔ پی سی بی کے جی ایم ڈومیسٹک شفیق احمد پاپا، سیکرٹری ثاقب عرفان،سینئر جی ایم اکیڈیمیز علی ضیاء اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے رکن فرخ زمان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

لاہور کنٹری اینڈ سپورٹس کلب مریدکے میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں کراچی زیبراز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا مگر ان کے سپن باوٴلرز راولپنڈی کے بیٹسمینوں کو رنز بنانے سے روکنے میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی ریمز نے اوپنر ذیشان ملک کے 109، عمیر مسعود60، نعمان علی32اور عامر سہیل کے31رنز کی بدولت مقررہ50اووروں میں 6وکٹوں کے نقصان پر 283رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔

کراچی زیبراز کی ناقص فیلڈنگ کے باوجود محمد شاہ رخ اور عالم خورشید شا ہ نے دو دو جبکہ محمد اسد اور غلام حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں دانش عزیز کے وکٹ پر موجودرہنے تک کراچی زیبراز کی ٹیم میچ میں رہی اور اس کے60رنز پر پویلین لوٹتے ہی پوری ٹیم39.2اووروں میں199رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ فہدس بخاری33، سہیل عابد31اورسعدعالم20رنز بنا کر نمائیاں رہے۔

راولپنڈی ریمز کی طرف سے توثیق شاہ، نقی رضا، عاقب شاہ اورمیر واعظ نے دو دو جبکہ جمیل عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس میچ میں راشد ریاض اور جاوید اقبال نے امپائرنگ، سجادالحسن نے آفیشل سکورر جبکہ تنویر افضل نے میچ ریفری کے فرائض سر انجام دیئے۔ راولپنڈی ریمز کے ذیشان ملک کومین آف قرار دیتے ہوئے 25000روپے انعام سے نوازا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے جی ایم ڈومیسٹک شفیق احمد پاپا، سیکرٹری ثاقب عرفان، سینئر جی ایم اکیڈیمیز علی ضیاء اور قومی جونئر سلیکشن کمیٹی کے رکن فرخ زمان نے کامیاب ٹیم راولپنڈی ریمز کے کپتان عاقب شاہ کو 2لاکھ روپے کا چیک اور ٹرافی، رنر اپ کراچی زیبراز کے کپتان ذوہیب ملک کو 1لاکھ روپے کا چیک اور ٹرافی، ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین کراچی ڈولفنز کے نورولی کو 25ہزار روپے اور ٹرافی، کراچی ڈولفنز کے ہی محمد اصغر کو بہترین باوٴلرقرار دیتے ہوئے 25ہزار روپے کا چک اور ٹرافی جبکہ حیدر آباد ہاکس کے دانیال حسین کوبہترین آل راوٴنڈر کے25ہزار روپے کا چیک اور ٹرافی تقسیم کی۔

میچ آفیشلز کو بھی سوینئرز سے نوازا گیا۔

وقت اشاعت : 16/10/2014 - 20:59:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :