ہمیں فاسٹ باولرز نہیں سپنرز تلاش کرنے چاہیئیں، عاقب جاوید کی پی سی بی پر تنقید

کرکٹ بورڈ کو مڈل آرڈر بیٹنگ کو بہتر بنانے اور سپن باؤلرز اور آل راؤنڈرز کی تلاش پر توجہ دینی چاہیے: سابق کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 28 جون 2022 16:59

ہمیں فاسٹ باولرز نہیں سپنرز تلاش کرنے چاہیئیں، عاقب جاوید کی پی سی بی پر تنقید
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 جون 2022ء ) سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیم کے پاس فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں باولرز کی کمی نہیں ہے، بورڈ کو مڈل آرڈر بیٹنگ کو بہتر بنانے اور سپن باؤلرز اور آل راؤنڈرز کی تلاش پر توجہ دینی چاہیے۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) ندیم خان کے دعووں کا جواب دیتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ ہم ہمیشہ فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں غالب رہتے ہیں، یہ ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں رہا۔

گزشتہ ہفتے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) کے ڈائریکٹر ندیم خان نے پاکستان کے مستقبل کی تیز گیند بازی کے امکانات کے بارے میں پر امید ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کرکٹ بورڈ نے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے باؤلنگ کرنے کے قابل 20 گیند بازوں کو دریافت کیا ہے۔

(جاری ہے)

سابق تیز گیند باز نے کہا کہ اگر آپ توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں تو مڈل آرڈر بیٹنگ، سپن بولنگ اور آل راؤنڈ ڈیپارٹمنٹ پر کریں، یہ آپ کے لیے ہمیشہ سے بڑا مسئلہ ہیں۔

1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن عاقب جاوید نے بھی سپن باؤلنگ اٹیک کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی سیٹ اپ میں معیاری سپن باؤلرز کی کمی ہے اور اس خلا کو پر کرنا اور معیاری سپنرز تلاش کرنا ضروری ہے۔ سری لنکا کے خلاف آئندہ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے بارے میں بات کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ ایک جانب انہیں امید ہے کہ مینز ان گرین کے لیے سری لنکا کے حالات مشکل نہیں ہوں گے، قومی ٹیم کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کچھ قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں کھیلنا ہمارے لیے ہمیشہ آسان رہا ہے کیونکہ وہاں کے حالات بھی پاکستان جیسے ہیں، ہمارے لڑکوں کو اچھی تیاری کرنی چاہیے اور قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے یہ سیریز جیتنی چاہیے۔
وقت اشاعت : 28/06/2022 - 16:59:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :