کولمبو میں کرفیو کے باعث پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ منسوخ

پاکستان کا پریکٹس سیشن پی سارہ اوول میں ہونا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 جولائی 2022 13:11

کولمبو میں کرفیو کے باعث پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ منسوخ
کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جولائی 2022ء ) سری لنکا میں جاری سیاسی اور سماجی عدم استحکام کے درمیان آج کولمبو میں شیڈول کرفیو کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی سیشن منسوخ کر دیا گیا ہے۔ سری لنکا کے عوام حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، جس سے سیاسی اور سماجی بے چینی پائی جاتی ہے، کیونکہ ان کا ملک اس وقت شدید اقتصادی بحران کا شکار ہے۔

ٹورنگ پارٹی کا پریکٹس سیشن پی سارہ اوول میں ہونا تھا۔ سری لنکا کے میڈیا نے رپورٹ کیا کہ پولیس نے جمعہ کو حکومت کے خلاف طلباء کے احتجاج کو منتشر کرنے کے لیے پانی کی توپوں اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ ہفتے کے آخر میں ڈیفالٹ کرجانے والے ملک میں ایک بڑے احتجاج کی بھی توقع ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان سری لنکا کے خلاف 16 جولائی سے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں تاحکم ثانی کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ یہ اقدام ملک میں معاشی چیلنجز کے دوران بڑھتی سیاسی کشیدگی سے امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول رکھنے کی خاطر کیا گیا ہے۔ کولمبو میں صدر گوتابایا راجا پکسے کی برطرفی کے لیے بڑے عوامی مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد سیکورٹی صورتحال کے پیشِ نظر فوج کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

پولیس نے کرفیو کے دوران شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے باہر نہ نکلنے کی تاکید کی ہے۔ پولیس کے سربراہ چندنا وکرمارتنے کا کہنا ہے کہ جمعہ کی رات 9 بجے سے دارالحکومت میں کرفیو کا نفاذ ہو گیا ہے جو غیر معینہ مدت تک برقرار رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے حکم نامے تک کرفیو کے حالات میں لوگ گھروں سے باہر ہرگز نہ نکلیں۔ کرفیو کولمبو شہر کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں میں بھی نافذ رہے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کو صدر کے خلاف بڑی ریلی شیڈول ہے جس میں شرکت کے لیے ہزاروں لوگ کولمبو پہنچ رہے ہیں جو صدر سے مستعفی ہونے پر دباؤ بڑھائیں گے۔
وقت اشاعت : 09/07/2022 - 13:11:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :