اولمپئنز اورآؤٹ سٹینڈنگ نوجوان کھلاڑیوں کوپنجاب پولیس میں باعزت روزگاردینے کیلئے پولیس لاز میں ترمیم کا فیصلہ

ہفتہ 8 نومبر 2014 17:47

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء ) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب پولیس میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں کی ریکروٹمنٹ کے لئے پولیس لاز میں ترمیم لانے کی ہدایات جاری کی ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی وزیر کھیل رانامشہود احمد خاں کی سربراہی میں 9 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ہوم سیکرٹری پنجاب ،انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ،سیکرٹری امور نوجوانان،سیکرٹری لاء اور سیکرٹری ریگولیشنزکے علاوہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،ڈی جی سپورٹس پنجاب اور پریذیڈنٹ پاکستان ہاکی فیڈریشن اس خصوصی کمیٹی کے رکن نامزد کئے گئے ہیں۔

یہ بات صوبائی وزیر تعلیم وکھیل رانا مشہود احمد خاں نے وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے تشکیل دی گئی ”ہاکی ریفارمز کمیٹی “ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پولیس لاز میں مجوزہ ترامیم کے مسودے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔رانا مشہود احمد خاں نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت پنجاب نے صوبے میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے عمدہ کھلاڑیوں اور مختلف کھیلوں کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو پولیس اور دیگر سرکاری محکموں میں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف صوبے میں سپورٹس کلچرکو فروغ دینا چاہتے ہیں ۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں کھیلوں کے فروغ کے لئے باقاعدہ انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کے علاوہ فنڈز اور ضروری سروسز مہیا کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے ۔ گزشتہ سال کے دوران وزیر اعلی محمدشہباز شریف کی رہنمائی میں پنجاب کے طول و عرض میں ہاکی کے کھیل کو ایک بار پھر مقبول بنانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کی گئیں جن کے نتیجے میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے ایشیئن گیمز میں سلورمیڈل حاصل کیا ۔

اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ ہمارے کھلاڑی کسی سے کم نہیں ہیں اورانہوں نے ایشیئن گیمز کی فاتح بھارتی ٹیم کو بھی پول میچ میں شکست دی ہے ۔ رانامشہود احمد خاں نے کہا کہ عمدہ کھلاڑیوں کی معاشرے میں عزت ہونی چاہیے۔ ایڈیشنل آئی جی (فنانس اینڈ ڈیویلپمنٹ )سہیل خان نے پنجاب پولیس کی اپنی محکمانہ ہاکی ٹیم تشکیل دینے کے لئے معروف قومی کھلاڑیوں، اولمپکس، ورلڈ کپ اور ایشیائی مقابلوں کے میڈل ہولڈرز کے علاوہ آؤٹ سٹینڈنگ نوجوان کھلاڑیوں کو شفاف انداز میں پنجاب پولیس کی جنرل ایگزیکٹو برانچ میں انسپکٹر اور دیگر مختلف عہدوں میں انڈکٹ کرنے کے علاوہ پنجاب میں ہاکی ،کبڈی، اتھلیٹکس، ریسلنگ،باڈی بلڈنگ ،آرچری، سافٹ بال ، والی بال اور دیگر مقبول کھیلوں کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کوپولیس کے ریکروٹمنٹ بورڈز کے توسط سے بطور کانسٹیبل بھرتی کرنے کے طریقہ کارکے بارے میں اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی ۔

وقت اشاعت : 08/11/2014 - 17:47:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :