آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ارشد ندیم کو مبارکباد

’ارشد ندیم قوم کا فخر اور ہمارے قومی ہیرو ہیں‘، ڈی جی آئی ایس پی آر کا ٹویٹر پیغام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 8 اگست 2022 10:39

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ارشد ندیم کو مبارکباد
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اگست 2022ء ) کامن ویلتھ گیمز کے جیویلین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹویٹر پیغام میں کہا گیا کہ ’’ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ارشد ندیم کو کامن ویلتھ گیمز میں اپنی غیر معمولی کارکردگی سے نیا ریکارڈ بنانے پر مبارکباد دی، ارشد ندیم قوم کا فخر اور ہمارے قومی ہیرو ہیں‘‘۔

ایک اور ٹویٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے لکھا کہ ’’ پاکستان کی مسلح افواج کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارکردگی اور جیولین تھرو میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔ شاندار ارشد ندیم، پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے پر شاباش،پاکستان زندہ باد‘‘ ۔

(جاری ہے)

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے جویلین تھرو (نیزہ بازی) میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

پاکستانی ایتھلیٹ نے اپنی پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔ جویلین تھرو کے فائنل میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم بھرپور ایکشن میں دکھائی دیے۔ انہوں نے پہلی باری میں ہی 86.81 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔ یہ ارشد ندیم کے کیریئر کی بہترین تھرو تھی، اس سے قبل ارشد ندیم کی بہترین تھرو 86.38 میٹر تھی۔ فائنل میچ میں ارشد ندیم کی دوسری باری ضائع ہوگئی جبکہ اس دوران بھی پاکستانی ایتھلیٹ 86.81 کی تھرو کے ساتھ سرفہرست رہے۔

ارشد ندیم نے تیسری باری میں اپنا قومی ریکارڈ اور بہتر کرتے ہوئے 88 میٹر کی تھرو کردی۔ یہ جویلین تھرو میں کسی بھی پاکستانی کی سب سے بڑی تھرو تھی۔ چوتھی باری میں ارشد ندیم نے 85.09 میٹر کی تھرو کی لیکن پاکستانی ایتھلیٹ پھر بھی 88 میٹر کی تھرو کے ساتھ سب سے آگے رہے۔ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی تھرو کی جس کے ساتھ وہ 90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

ارشد ندیم کی 90.18 میٹر تھرو کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ ہے۔ اس کے ساتھ ہی کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا۔ پاکستان نے 1966ء کے بعد کامن ویلتھ گیمز ایتھلیٹکس میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ارشد ندیم کی 90.18 میٹر کی تھرو اس سال کی تیسری بہترین تھرو ہے۔ اس سے قبل دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں اینڈرسن پیٹرز 93.07 میٹر، جیکب ویڈلیک 90.88 میٹر کی تھرو کرچکے ہیں۔ ارشد ندیم سب سے بڑی تھرو کرنے والے دوسرے ایشین بن گئے ہیں۔ تائیوان کے چاوسن چینگ نے 1993ء میں 91.36 میٹر کی تھرو کی تھی۔
وقت اشاعت : 08/08/2022 - 10:39:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :