سابق وزیراعظم عمران خان کی گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو مبارک باد

’’چوٹ کے اثرات سے نکل کر پاکستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتنے، 90.18 میٹر دور نیزہ پھینک کر کھیل میں نیا ریکارڈ قائم کرنے پر جیولین تھرور ارشد ندیم کو بہت مبارک‘: ٹویٹر پیغام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 8 اگست 2022 12:44

سابق وزیراعظم عمران خان کی گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو مبارک باد
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اگست 2022ء ) سابق وزیراعظم اور 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان عمران خان نے کامن ویلتھ گیمز کے جیویلین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارک باد دی ہے ۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ’’ چوٹ کے اثرات سے نکل کر پاکستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتنے اور 90.18 میٹر دور نیزہ پھینک کر کھیل میں ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے پر نیزہ پھینکنے کے ماہر کھلاڑی (جیولین تھرور) ارشد ندیم کو بہت مبارک!‘‘ ۔

یاد رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے جویلین تھرو (نیزہ بازی) میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ پاکستانی ایتھلیٹ نے اپنی پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔

(جاری ہے)

جویلین تھرو کے فائنل میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم بھرپور ایکشن میں دکھائی دیے۔ انہوں نے پہلی باری میں ہی 86.81 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔

یہ ارشد ندیم کے کیریئر کی بہترین تھرو تھی، اس سے قبل ارشد ندیم کی بہترین تھرو 86.38 میٹر تھی۔ فائنل میچ میں ارشد ندیم کی دوسری باری ضائع ہوگئی جبکہ اس دوران بھی پاکستانی ایتھلیٹ 86.81 کی تھرو کے ساتھ سرفہرست رہے۔ ارشد ندیم نے تیسری باری میں اپنا قومی ریکارڈ اور بہتر کرتے ہوئے 88 میٹر کی تھرو کردی۔ یہ جویلین تھرو میں کسی بھی پاکستانی کی سب سے بڑی تھرو تھی۔

چوتھی باری میں ارشد ندیم نے 85.09 میٹر کی تھرو کی لیکن پاکستانی ایتھلیٹ پھر بھی 88 میٹر کی تھرو کے ساتھ سب سے آگے رہے۔ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی تھرو کی جس کے ساتھ وہ 90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ ارشد ندیم کی 90.18 میٹر تھرو کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ ہے۔ اس کے ساتھ ہی کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا۔

پاکستان نے 1966ء کے بعد کامن ویلتھ گیمز ایتھلیٹکس میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ارشد ندیم کی 90.18 میٹر کی تھرو اس سال کی تیسری بہترین تھرو ہے۔ اس سے قبل دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں اینڈرسن پیٹرز 93.07 میٹر، جیکب ویڈلیک 90.88 میٹر کی تھرو کرچکے ہیں۔ ارشد ندیم سب سے بڑی تھرو کرنے والے دوسرے ایشین بن گئے ہیں۔ تائیوان کے چاوسن چینگ نے 2017ء میں 91.36 میٹر کی تھرو کی تھی۔
وقت اشاعت : 08/08/2022 - 12:44:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :