پاک بھارت ٹاکرے میں کھلاڑیوں پر دباؤ زیادہ ہوتا ہے: بابر اعظم

ہم ہمیشہ اسے عام میچ کی طرح کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن یقینی طور پر ہم پر دباؤ تھوڑا مختلف ہوتا ہے،ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں خود کو پرسکون رکھنے کی کوشش کی، دباؤ میں نہ آئے: قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 12 اگست 2022 14:20

پاک بھارت ٹاکرے میں کھلاڑیوں پر دباؤ زیادہ ہوتا ہے: بابر اعظم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اگست 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پاک بھارت ٹاکرا مشکل میچ ہوگا۔ بابر اعظم نے دورۂ نیدرلینڈ سے قبل جمعرات کو پریس کانفرنس میں ایشیا کپ 2022ء کے پاک بھارت ٹاکرے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ہر میچ میں ہی کھلاڑیوں پر دباؤ زیادہ ہوتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ اسے ایک عام میچ کی طرح کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن یقینی طور پر ہم پر دباؤ تھوڑا مختلف ہوتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ’اس بار بھی دباؤ ہے، لیکن ہم نے خود کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء میں پرسکون رکھنے کی کوشش کی اور دباؤ میں نہیں آئے‘۔ یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلی بار بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

بابر اعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم پر یقین کرنا چاہیے‘۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سکواڈ گراؤنڈ میں ہمیشہ میچ جیتنے کی پوری کوشش کرتا ہے لیکن نتائج ہمارے کے ہاتھ میں نہیں ہوتے۔ خیال رہے کہ پاکستان ایمسٹرڈیم میں 16 سے 21 اگست تک 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی سیریز کھیلے گا اور اس کے فوراََ بعد قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے ٹی 20 ایشیا کپ میں شرکت کے لیے روانہ ہوجائے گی۔                                                                                               
وقت اشاعت : 12/08/2022 - 14:20:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :