نمائشی سکواش میچ میں نور الہدی اور حذیفہ ابراہیم کی کامیابی ، کمشنر کراچی نے انعامات تقسیم کئے

اتوار 14 اگست 2022 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2022ء) کراچی کلب میں یوم آزادی نمائشی میچز جوکہ گرلز اور بوائز کے درمیان کئے گئے جس میں گرلز میچ میں پاکستان نمبر ایک نورالہدی نے عائینہ شیخ کو 2-3سے اور بوائز میچ ایشن انڈر 19چیمپئن حذیفہ ابراہیم نے طلعت سعید کو 2-3سے شکست دے دی۔ اس موقع پر کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے بحیثیت مہمان خصوصی انعامات تقسیم کئے جبکہ اے سی جی عابد قمر شیخ ، کوآرڈینٹر اسپورٹس غلام محمد خان ، محمد اخلاق ، اسد عباد علی اور نوید عالم بھی موجود تھے ۔

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے تمام اہل وطن کو پاکستان کی 75ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ 14اگست ہمارے دنوں میں سب سے اہم دن ہے، یہ ملک ہم نے بہت قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم قائد اعظم کا پاکستان بنانے کی جدوجہد کو جاری اور ساری رکھیں گے اور اپنے ملک کی خدمت میں دن رات مصروف رہیں گے۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ آج کے دن کھیل کے میدان میں سچے پاکستانی بن کر حصہ لیں اور ملک اور قوم کا نام پوری دنیا میں بلند کریں۔

کمشنر کراچی نے کراچی کلب کے کھیلوں میں کردار کو سراہا اور زبردست خراج تحسین ادا کیا۔ انہوں نے حذیفہ ابراہیم کو دعوت دی کہ وہ کمشنر آفس میں ان سے ملاقات کریں اور کہا کہ میں آپ کو جہانگیر خان اور جان شیر خان کی طرح عالمی چیمپئن دیکھنا چاہتا ہوں ۔دریں اثنا کمشنر کراچی نے کراچی کلب کی یوم آزادی پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر کلب کی انتظامیہ اور دیگر موجود تھے جبکہ نمائشی میچ کے کھلاڑیوں اور آرگنائزرز کو ممتاز صنعتکار عقیل کریم ڈیڈھی نے استقبالیہ دیا۔
وقت اشاعت : 14/08/2022 - 19:10:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :