جشن آزادی دوسری پشاور اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ اختتام پذیر

پیر 15 اگست 2022 19:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2022ء) جشن آزادی کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے دوسری پشاور اوپن تائیکوانڈو چیمپن شپ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں اختتام پذیر ہوگئی۔ چیمپن شپ میں پشاور گرین‘ پشاور بلیو‘ پشاور یلیو‘خیبر گرین ‘ خیبر بلیو‘ سوات گرین‘ سوات بلیو‘نوشہرہ‘ چارسدہ‘ مردان‘ صوابی‘ بونیر اور دیر کی ٹیموں نے حصہ لیا چیف جیوری کے فرائض پاکستان آرمی کے مایہ ناز کوچ ‘ انٹرنیشنل ریفری اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے کیلئے کئی اعزازات جیتنے والے کھلاڑی محمد آصف ہابی نے انجام دیئے۔

جب کہ ریفری شپ میں سوات کے ایاز نائیک‘ وقار آفریدی‘ بشیر حبیبی‘ جاوید یاسین شاہ اور محمد سلیمان آفریدی شامل تھے۔ مجموعی طور پر پشاور گرین نے چار گولڈ ایک سلور اور ایک براؤنز میڈل لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ سوات بلیو نے تین گولڈ دو سلور اور ایک براونز میڈل لے کر دوسری ‘ سوات گرین نے دو گولڈ اور دو براؤنز میڈل لے کر تیسری‘ خیبر گرین اور خیبر بلیو نے 27 ‘ 27 پوائنٹس لے کر چوتھی ‘ چارسدہ نے 17پوائنٹس لیکر پانچویں‘ مردان نے 15 پوائنٹس لیکر چھٹی‘ پشاور بلیو نے 14 پوائنٹس لیکر ساتویں‘ نوشہرہ نے 12 پوائنٹس لیکر آٹھویں‘ صوابی نے 5 پوائنٹس لیکر نویں پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر محمود جان‘ خیبر پختونخوا خواتین ونگ تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کی صدر محترمہ صبا شمیم جدون اور ملک شیر قادر خان وزیر نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔مہمان خصوصی ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان نے کھلاڑیوں کو داد دی اور منتظمین کی تائیکوانڈو کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا‘ انہوں نے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور جیتنے والے کھلاڑیوں کو میڈل پہنائے۔
وقت اشاعت : 15/08/2022 - 19:25:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :