ڈومیسٹک سیزن میں پرفارمنس سے ٹیم میں واپسی کروں گا، حسن علی

جمعہ 19 اگست 2022 23:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2022ء) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر حسن علی نے کہا ہے کہ میں نے کبھی ہار نہیں مانی، میں ایک فائٹر ہوں، ڈومیسٹک میں پرفارمنس دکھا کر ٹیم میں مضبوط واپسی کروں گا۔ جمعہ کو پی سی بی کی طرف سے جاری ویڈیو میں حسن علی نے کہا کہ اعتماد بحال کرنے کے لئے ایک دو میچ چاہیے ہوتے ہیں، دو سال قبل انجری کے بعد ڈومیسٹک سیزن میں پرفارم کرکے ٹیم میں واپسی کی اب بھی واپسی کے لئے پرامید ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں کوچز کے ساتھ بیٹھ کر اپنی پرانی ویڈیوز دیکھی ہیں، اپنی خامیوں کو جانچا، ان پر قابو پاکر ٹیم میں دوبارہ واپسی کے لئے سخت محنت کر رہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس نیشنل ٹی ٹونٹی میں اپنی پرفارمنس دکھانے کا بہترین موقع ہے ، اپنی کارکردگی سے ٹیم مینجمنٹ، کپتان کو اعتماد میں لوں گا۔

(جاری ہے)

حسن علی نے کہا کہ انجری فاسٹ بائولر کو مایوس کر دیتی ہے، فاسٹ بائولنگ آسان کام نہیں ہے، دنیا میں جتنے بھی فاسٹ بائولرز ہیں انہیں انجریز کا سامنا رہتا ہے لیکن وہ اپنے آپ کو فٹ کرکے واپسی کرتے ہیں۔

میں نے ماضی میں بھی اپنی انجری کے بعد واپسی کی، میں نے کبھی ہار نہیں مانی میں فائٹر ہوں، مجھے ہارڈ ورک کرنا آتا ہے اور میں اس پر بہت خوش ہوتا ہوں۔ میں بہت حساس ہوں لیکن میری کوشش ہوتی ہے کہ ہر چیز کو انجوائے کروں، میرے چہرے پر ہنسی رہے تاکہ لوگ خوش ہوتے رہیں۔ میں نے اپنی زندگی انجوائے کرنی ہے اور کرتا رہوں گا۔
وقت اشاعت : 19/08/2022 - 23:08:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :