ایشیاء کپ 2022ء، پاکستان کا ہانگ کانگ کو کامیابی کے لیے 194 رنز کا ہدف

محمد رضوان اور فخر زمان کی نصف سنچریاں، خوشدل شاہ کے 5 چھکے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 2 ستمبر 2022 20:47

ایشیاء کپ 2022ء، پاکستان کا ہانگ کانگ کو کامیابی کے لیے 194 رنز کا ہدف
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 ستمبر 2022ء ) ایشیاء کپ 2022ء کے چھٹے اور اہم میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا ہے۔ شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان بابراعظم 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان اور فخرزمان نے 81 گیندوں پر 116 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران دونوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔

فخر زمان 41 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ نے انتہائی جارحانہ انداز اپنایا اور 15 گیندوں میں 5 چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر ٹیم کو ایک بڑے سکور تک پہنچایا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں پر 193 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 57 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 78 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں نزاکت خان نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ ہدف کے حصول کے لیے وہ پراعتماد ہیں اور وکٹ ہوم گراؤنڈ کی طرح نظر آرہی ہے۔

پاکستانی کپتان بابراعظم نے اس کے برعکس کہا کہ وہ پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔ دونوں کپتانوں نے بھارت کے خلاف کھیلے گئے اپنے گزشتہ میچوں کی ٹیموں کو برقرار رکھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شارجہ میں کھیلا جا رہا ہے، میچ جیتنے والی ٹیم سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔ پاکستانی ٹیم کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، نائب کپتان شاداب خان، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف، شاہنواز دھانی پر مشتمل ہے۔

ہانگ کانگ کی ٹیم میں کپتان نزاکت خان، بابر حیات، یاسیم مرتضیٰ، کنچت شاہ، اعزاز خان، اسکاٹ میک کچنٹ شاہ، ذیشان علی، ہارون ارشد، احسن خان، ایوش شکلا، محمد غضنفر شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 02/09/2022 - 20:47:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :