ہربھجن مولانا طارق جمیل سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرنا چاہتے تھے، انضمام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

وائرل ویڈیو نجی پروگرام کی ہے جس میں سابق چیف سلیکٹر کو بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے سنا جا سکتا ہے، رپورٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 4 ستمبر 2022 15:24

ہربھجن مولانا طارق جمیل سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرنا چاہتے تھے، انضمام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 ستمبر 2022ء ) پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق کی سابق بھارتی سپنر ہربھجن سنگھ کے نامور مبلغ اسلام مولانا طارق جمیل سے متاثر ہوکر اسلام قبو ل کرنے سے متعلق کیے گئے انکشاف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔ وائرل ویڈیو کسی نجی پروگرام کی ہے جس میں سابق چیف سلیکٹر کو بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے سنا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں انھیں مولانا طارق جمیل کے قومی ٹیم کو مغرب کی نماز پڑھانے اور بھارتی کھلاڑیوں کے اس تجربے میں شامل ہونے سے متعلق گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
انضمام الحق نے کہا کہ مولانا طارق جمیل ہر روز ہمارے پاس آتے تھے اور ہم نے ایک کمرہ بنا کر رکھا تھا جہاں ہم روز نماز پڑھا کرتے تھے تو مولانا مغرب کی نماز پڑھا کر تھوڑی دیر کھلاڑیوں سے بات کیا کرتے تھے۔

(جاری ہے)

سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم کے مطابق میں دیکھ رہا تھا کہ کچھ بھارتی کھلاڑی عرفان پٹھان، محمد کیف اور ظہیر خان نماز کی دعوت پر ہمارے ساتھ شامل ہو جاتے تھے تاہم اس کے علاوہ بھی چند کھلاڑی ایسے تھے جو نماز نہیں پڑھتے تھے اور بیٹھ کر صرف مولانا طارق جمیل کی باتیں سنتے تھے۔ انضمام الحق نے کہا کہ ایک دن مجھ سے ہربھجن نے کہا کہ یہ جو آدمی ہیں نا میرا دل کرتا ہے میں ان کی بات مان لوں، اگرچہ ہربھجن کو مولانا طارق جمیل کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں تھیں تاہم ان کا دل کرتا تھا کہ وہ ان کی بات مان لیں تو میں نے بھارتی سپنر سے کہا کہ مان لیں کیا مشکل ہے، جس پر ہربھجن نے کہا کہ تمہیں دیکھ کر رک جاتا ہوں کیونکہ تمھاری زندگی اس طرح کی نہیں ہے۔

سابق چیف سلیکٹر قومی ٹیم نے مجمع میں موجود لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اسلام کو قبول کرنا چاہتے ہیں لیکن دین سے دوری ہمارے لوگوں کی وجہ سے ہے۔
وقت اشاعت : 04/09/2022 - 15:24:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :