انگلینڈ نے پاکستان کو چھٹے ٹی ٹونٹی میں باآسانی شکست دے کر سیریز 3-3 سے برابر کردی، فل سالٹ کی طوفانی اننگز

جمعہ 30 ستمبر 2022 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2022ء) انگلینڈ نے پاکستان کو چھٹے ٹی ٹونٹی میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-3 سے برابر کردی، انگلش ٹیم نے اوپنر فل ساٹ کی طوفانی اننگز کی بدولت 170 رنز کا ہدف 15ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا، فل سالٹ کو 41 بالوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

جمعہ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے چھٹے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں انگلش کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے' کپتان بابراعظم نے 59بالوں پر 87 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی جبکہ افتخار احمد 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بابراعظم نے اپنی اننگز میں بھارتی سٹار کرکٹر ویرات کوہلی کا ٹی ٹونٹی میں تیز ترین 3 ہزار رنز کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔

(جاری ہے)

بابراعظم کی اننگز میں3 چھکے اور7 چوکے شامل ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جگہ اس میچ میں کھیلنے والے محمد حارث اپنا ڈیبیو میچ یادگار نہ بنا سکے اور صرف 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ نئے آنے والے بیٹر شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر حیدر علی نے بابراعظم کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 62 کے مجموعی سکور پر حیدر علی 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔

اس کے بعد افتخار احمد نے کپتان بابراعظم کے ساتھ مل کر 48 رنز کی شراکت قائم کی، افتخار احمد 21 بالوں پر31 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ دوسرے اینڈ پر کپتان بابراعظم سکور کو آگے بڑھاتے رہے۔ جارحانہ بیٹر محمد آصف 9 اور محمد نواز 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی طرف سے ڈیوڈ ویلی اور سیم کرن نے دو دو جبکہ ریس ٹوپلے رچرڈ گلیسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

انگلش ٹیم نے فل سالٹ کی جارحانہ اننگز کی بدولت 170 رنز کا مطلوبہ ہدف 15ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ فل سالٹ نے 41 بالوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست طوفانی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 12 چوکے شامل ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم نے 7 اوورز میں 100 رنز مکمل کرلئے۔ دیگر بیٹرز میں ایلکس ہیلز 27 اور ڈیوڈ ملان 26 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بین ڈکٹ 26 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ پاکستانی لیگ سپنر شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انگلش ٹیم نے چھٹے ٹی ٹونٹی میچ میں فتح کے بعد سیریز 3-3 سے برابر کردی۔
وقت اشاعت : 30/09/2022 - 23:10:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :